بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کے خلاف فاسفورس شیل کا استعمال کر رہی ہے ٗمظالم کے خلاف آٹھ ستمبر کو ریلی نکالی جائیگی ٗ مشال ملک

بانی پاکستان کی طرح وکلاء برادری کشمیر کا مقدمہ لڑیں ٗیاسین ملک کی اہلیہ کا خطا ب

جمعہ 12 اگست 2016 17:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) لبریشن فرنٹ کے چیئر مین یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کے خلاف فاسفورس شیل کا استعمال کر رہی ہے،کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور پر امن کشمیری مظاہرین سے انسانیت سوز سلوک کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8ستمبر کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی،بانی پاکستان کی طرح وکلاء برادری کشمیر کا مقدمہ لڑیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں پھر بھی کشمیریوں کو آزادی کا حق کیوں نہیں دیا جا رہا، بھارتی فورسسز نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے پر امن کشمیریوں پر فاسفورس شیل کا استعمال شروع کر دیا ہے، دو دن قبل ادھر سے جو تصویر موصول ہوئی ہے اس میں نوجوانوں لڑکوں کو فاسفورس شیل مار کر شہید کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا پر بھی پابندی لگی ہوئی ہے جس کے باعث بھارتی مظالم کی خبریں موصول نہیں ہو رہیں، کشمیر میں انسانی حقوق کی جتنی پامالی بھارتی فوج کر رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ، کشمیریوں کو معلومات تک رسائی سے بھی روک دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سیاسی سے زیادہ قانونی مسئلہ ہے اور میری ملک بھر کے وکلاء سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں ۔

مشال ملک نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح بھی ایک وکیل تھے اور انہوں نے پاکستان کا مقدمہ جیتا تھا اسی طرح وکلاء برادری بھی کشمیر کا مقدمہ لڑیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسلۂ سیاسی نہیں انسانی حقوق کا مسئلہ ہے کشمیر میں بھارتی فوج کم سن بچوں ،عورتوں اور ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں پر ظلم کی انتہا کر رہی ہے انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف ایک دستخطی مہم کا بھی آغاز کریں مشال ملک نے کہا کہ اتنے مظالم کے بعد بھی کشمیری ڈرنے والے نہیں ہیں اور ازادی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے، تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے زریعے کسی بھی قوم کو دبایا نہیں جا سکتا ۔

مشال ملک نے کہا کہ کوئٹہ میں انتہائی پڑھے لکھے وکلاء کو شہید کیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری ریاست علی آزاد نے کہا کہ کشمیر کا مسلۂ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی سمیت تمام امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ، مسلمانوں پر مظالم ہو رہے ہیں اور عالمی ادارے خاموش ہیں جس پر وکلاء برادری کو تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کشمیر کی آزادی کی تحریک میں تن من دھن لگا دے گی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری ظفر ملک ،ہما جمیل بابر اور چوہدری خالد ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء ،صحافیوں اور شہریوں کے ایصال ثواب کے لئے دعا مغفرت بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :