خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 13 ویں بزنس ایکسیلنس ایوارڈ

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے 13 بڑے کاروباری اداروں کوانڈسٹریل ٗ کمرشل ٗ کنسٹرکشن سیکٹر ٗ سروسز سیکٹر اور ریٹیل سیکٹر میں 15 گولڈ میڈلز ٗ 9 کاروباری اداروں کو ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ ز اور بینک آف خیبر کو ایوارڈز سے نوازا

جمعہ 12 اگست 2016 18:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 13 ویں بزنس ایکسیلنس ایوارڈ 2014-15 کی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے 13 بڑے کاروباری اداروں کوانڈسٹریل ٗ کمرشل ٗ کنسٹرکشن سیکٹر ٗ سروسز سیکٹر اور ریٹیل سیکٹر میں 15 گولڈ میڈلز ٗ 9 کاروباری اداروں کو ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ ز اور بینک آف خیبر کو ایوارڈز سے نوازا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 13 ویں بزنس ایکسیلنس ایوارڈ تقریب گذشتہ شب شیراز ارینہ ڈینز ٹریڈ سنٹر پشاور صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تھے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا تقریب کے گیسٹ آف آنر تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان ٗ بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور ٗ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ ٗ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗپاکستان میں سری لنکا کے سفیر ٗ پشاور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل ٗ بزنس ایکسیلنس ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین ریاض ارشد ٗخیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدور ٗخیبر پختونخوا چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ٗبزنس ایکسیلنس ایوارڈز کے ونرز ٗ اعلیٰ حکومتی افسران ٗ سینئر بینکار حضرات اور صنعت و تجارت اور ایکسپورٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ممبران بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے سال 2014-15ء میں انڈسٹریل ٗ کمرشل ٗ سروسز ٗ کنسٹرکشن سیکٹر اور ریٹیل سیکٹرز میں بہترین کاروباری پرفارمنس پر گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ٗ ایسوسی ایٹڈ انڈسٹریز لمیٹڈ ٗ ڈینز انڈسٹریز ٗخیبر ٹوبیکو کمپنی ٗحارث ٹریڈنگ کمپنی ٗ الامدادجنرل ٹریڈنگ کمپنی ٗخالد کارپوریشن ٗ حارث انٹرپرائزز ٗسٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ٗایز الیکٹرانکس ٗ جی ایچ سی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ ٗ زاہد ٹریڈرز اور امارات ایئر لائن کو گولڈ میڈلز سے نوازا ۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سال 2014-15ء میں انڈسٹریل اور کمرشل سیکٹرمیں بہترین کاروباری پرفارمنس پر گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ٗ سیف ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ ٗ چراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ ٗ پاک ہلز تھریشنگ اینڈ ری ڈرائنگ پرائیویٹ لمیٹڈ ٗ ملک سوہنی ملک جانی اینڈ برادرز ٗ ٹیوٹا خیبر موٹرز ٗ داؤد سنز آرمری کوسب سے زیادہ ایکسپورٹ کرنے پر ٹرافی ایوارڈز سے نوازا ۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بزنس ایکسیلنس ایوارڈ فار بینک کی کیٹگری میں بینک آف خیبر کو ٹاپ لینڈنگ پر ایوارڈسے نوازا ۔ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدرذوالفقار علی خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خیبر پختونخوا چیمبر کے زیر اہتمام بزنس ایکسیلنس ایوارڈ تقریب میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ وفاقی وزراء ٗ وفاقی سیکرٹریز اور تمام انتظامی اداروں کے سربراہان کو ان کی پیروی کرتے ہوئے پشاور آنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہونے کے ناطے وفاقی حکومت اور اداروں سے جائز مطالبات کا حل چاہتا ہے اس لئے اسلام آباد میں بیٹھے وزراء اور افسران کو خیبر پختونخوا چیمبر آکر مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کا انڈسٹریل لوڈ 200میگاواٹ ہے جبکہ اس کے برعکس پنجاب کا انڈسٹریل لوڈ 8 ہزار میگاواٹ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبے کا حصہ تقریباً 26 سو میگاواٹ بنتا ہے جبکہ اس برعکس ہمیں 13 سو سے 14 سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے گیس میں سرپلس ہونے کے باوجود خیبر پختونخوا میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور گیس کے کم پریشر کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس ری فنڈز 300 بلین روپے سالانہ ہیں جبکہ اس کے برعکس ہمارے صوبے کے ری فنڈز صرف 3بلین روپے ہیں۔

انہوں نے ری فنڈز کے حصول کے لئے سپیکر قومی اسمبلی سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا اور بلوچستان جیسے صوبے کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کرے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے پیش کردہ نکات سے مکمل اتفاق کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے حالات میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کو یقین دلایا کہ وہ وفاقی وزراء اور وفاقی کے زیر اہتمام اداروں کے سربراہوں سے اس سلسلے میں بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر کو وفاقی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی نمائندگی دی جائے گی اور خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

تقریب سے گورنر خیبر پختونخوا انجینئر ظفر اقبال جھگڑا ٗ بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور ٗ بزنس ایکسیلنس ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین ریاض ارشد نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدر شرافت علی مبارک نے انجام دیئے ۔