14 اگست کے موقع پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی سندھ

جمعہ 12 اگست 2016 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) ون ویلنگ ، موٹر سائیکل پر غیر معیاری سائلنسر کی تنصیب ، سمندر میں نہانے سمیت دفعہ 144کے تحت عائد پابندیوں پر عمل درآمد کو ضلعی سطح پر یقینی بناتے ہوئے تمام تر قانونی کاروائیاں ممکن بنائی جائیں ۔یہ ہدایات آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے یوم آزادی کے موقع پر کراچی پولیس کنٹی جینسی پلان پر مشتمل ایک رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں ۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد ، شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ کالج رزاق آباد ، پولیس ٹریننگ سینٹر شہدادپور سے اضافی نفری کے طور پر 950 افسران و جوان کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دے دیئے ہیں جبکہ آر آر ایف ، ایس آر پی اور ایس ایس یو کے افسران اور جوانوں کو 14 اگست کے موقع پر تیار حالت میں رکھنے کی ہدایات بھی متعلقہ سپروائزری افسران کو جاری کردیئے ہیں علاوہ اذیں زون ایسٹ کے لیے اسنفرڈاگز کی دو ٹیموں سے بھی خدمات لی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مزار قائد ، ساحل سمندر ، تفریحی پارکس ،یوم آزادی تقریبات کے مقامات ،ریلیوں کے روٹس سمیت اہم سرکاری ،نیم سرکاری عمارتوں ،حساس تنصیبات ،ریلوے اسٹیشنوں ، ریلوے ٹریکس ، ائیر پورٹ ، بس ٹرمینلز ، مرکزی مساجد ، امام بارگاہوں ، اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات ،کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں وغیرہ پر تھانہ جات کی سطح پر مجموعی طور پر تینوں پولیس زونز میں پولیس موبائلز ، موٹر سائیکلوں گھڑ سواراورپلاٹونز پر مشتمل 3000 سے زائدافسران اور جوان یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق ضلعی ایس ایس پیز ، ڈویژنل ایس پیز ، اور ایس ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں یوم آزادی کے حوالے سے مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے متعلقہ ڈی آئی جیز کنٹرول رومز پر لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی انٹریز کے ساتھ ویڈیو ریکارڈنگز جیسے اقدامات کو بھی ممکن بنارہے ہیں ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مزار قائد پر متعلقہ ایس پی کی سربراہی اور ایس ڈی پی او کی نگرانی میں اندرونی حصوں اور اطراف سمیت مزار قائد کے مرکزی گیٹ سمیت دیگر گیٹس پر سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کے ضمن میں نمایاں مقامات پر ڈپلائمنٹ سمیت خواتین پولیس اہلکاروں سمیت سادہ لباس پولیس افسران اور جوان بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

علاوہ اذیں مزار قائد کے اطراف آوُٹر کارڈن کی بنیاد پر بھی سیکیورٹی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ مختلف منتخب کردہ روٹس پر پولیس پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے مجموعی امور کو بھی انتہائی مربوط اور موُثر بنایا جارہا ہے ۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ یوم آزادی کے دن کی اہمیت اور اس مناسبت سے منعقدہ تقریبات اور امن وامان کی صورتحال پر مکمل پولیس کنٹرول کے ضمن میں پولیس رینج ، ڈسٹرکٹس اور زونز کے لحاظ سے سیکیورٹی کے مجموعی امور کو غیر معمولی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام ڈی آئی جیز پولیس افسران اور جوانوں کو سیکیورٹی ذمہ داریوں پر باقاعدہ بریفنگ کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل کے تحت عوام کے جان ومال کی سلامتی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :