افغانستان ، سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 4شہری ہلاک

قندوز میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ، طالبان ضلع امام صاحب پر قبضہ کرسکتے ہیں،صوبائی کونسل کے سربراہ کا انتباہ

جمعہ 12 اگست 2016 19:05

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) افغان صوبہ قندھار میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 4شہری ہلاک ہوگئے،شمالی صوبہ قندوز میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں،صوبائی کونسل کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ طالبان ضلع امام صاحب پر قبضہ کرسکتے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع میوند میں پیش آیا جہاں شہریوں کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4افراد ہلاک ہوگئے ۔

صوبائی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔یاد رہے کہ طالبان اکثر اوقات سڑک کنارے بم نصب کرکے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان حملوں کی زد میں بڑی تعداد میں شہری آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر شمالی صوبہ قندوز میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں ۔صوبائی کونسل کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ طالبان ضلع امام صاحب پر قبضہ کرسکتے ہیں۔

محمد یوسف ایوبی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اگر صورتحال پر مناسب توجہ نہ دی گئی تو طالبان ضلع پر قبضہ کرسکتے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ طالبا نے مختلف اطراف سے حملے کرکے بعض علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا تاہم سیکورٹی فورسز نے علاقے واپس حاصل کرلیے ہیں۔