اسلام دشمن قوتیں منصوبہ بندی کے تحت یہاں باہم لڑائی جھگڑوں کا ماحول پید اکرنا چاہتی ہیں‘حافظ محمدسعید

ہمیں اپنی اندرونی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اورکشمیریوں کی قربانیاں ضائع ہونے سے بچانا ہے، انڈیا بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعہ مشرقی پاکستان والی صورتحال پیدا کرناچاہتا ہے، پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہو جائے‘امیر جماعۃ الدعوۃ

جمعہ 12 اگست 2016 19:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستا ن پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اس وقت عروج پر ہے، اسلام دشمن قوتیں منصوبہ بندی کے تحت یہاں باہم لڑائی جھگڑوں کا ماحول پید اکرنا چاہتی ہیں، ہمیں اپنی اندرونی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اورکشمیریوں کی قربانیاں ضائع ہونے سے بچانا ہے، انڈیا بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعہ مشرقی پاکستان والی صورتحال پیدا کرناچاہتا ہے، پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے، امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہو جائے،عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے، 14اگست کو ملک بھر میں آزادی کشمیر مارچ، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ اور بعدا زاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انڈیا نے پاکستان کے وجود کو شروع دن سے تسلیم نہیں کیا۔اس کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کیا جائے۔ نریندر مودی بنگلہ دیش گیا تو اس نے واضح طور پر میڈیا کے سامنے یہ بات کہی کہ مشرقی پاکستان ہم نے بنایا تھا لیکن اس پر کسی بین الاقوامی ادارے یا ملک نے کوئی پریشانی کا اظہار نہیں کیا۔

ہم پوچھتے ہیں کہ کیا دنیا کے قوانین صرف مسلمانوں کیلئے ہیں؟۔انڈیا بلوچستان میں بھی تخریب کاری و دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے اور یہاں بھی مشرقی پاکستان والی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت جن مصائب اور مشکلات سے دوچار ہے اس کا سب سے بڑا سبب اﷲ تعالیٰ کے احکامات کی نافرمانی ہے۔ پاکستان بھی ان دنوں جن مسائل میں الجھا ہوا ہے اس کی بڑی وجہ بھی قیام پاکستان کے وقت اﷲ سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنا ہے۔

پاکستان بناتے وقت لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں اس مقصد کیلئے دی تھیں کہ ہم انگریز سے آزادی اور ہندو سے علیحدگی اختیار کر کے یہاں اسلامی نظام نافذ کریں گے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ جب نعمت کے طور پر مسلمانوں کو الگ خطہ مل گیا تو اﷲ تعالیٰ سے کئے گئے عہد توڑ دیے گئے جس کی سزا پاکستان کو مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی صورت میں بھگتنا پڑی۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیرونی قوتیں حکومت پر دباؤ ڈال کر نصاب تعلیم تبدیل کروارہی ہیں۔ وہ نوجوان نسل کے دلوں سے اسلامی غیر ت ختم کرنا چاہتی ہیں۔ اہل پاکستان کو لاالہ الااﷲ کی بنیاد پر کھڑاکرنے کی ضرورت ہے۔کشمیر میں اس وقت تحریک آزادی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو امید کی ایک نئی کرن دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا نے اتحادی ممالک کی خطہ میں موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں تخریب کاری کا نیٹ ورک قائم کیا۔

بلوچستان، کراچی، خیبر پی کے اور پنجاب میں بھارتی خفیہ ایجنسی راکی طرف سے دھماکے کروائے جاتے رہے اور مسلمانوں کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ پاکستان کشمیریوں کی مددوحمایت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ کہ ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی۔

مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری اپنی عقل، سوچ اور فکر کے مطابق فیصلے کرنا نہیں مسلمانوں کو اﷲ کے دین پر جمع کرنا ہے اگر ہم ایسا کریں گے تو ہر حال میں اﷲ کی مدد ہمارے ساتھ ہو گی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر، فلسطین ، شام اور دیگر علاقوں میں قتل و غارت گری کی انتہا ہے۔ ہندو، صلیبی و یہودی نہتے مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھا رہے ہیں۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں۔

اس فرمان کی روشنی میں ہمارا مستقبل عالم اسلام کے ساتھ اور عالم اسلام کا مستقبل ہمارے ساتھ وابستہ ہے۔ مظلوم خطوں کے مسلمان پاکستان کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں ‘ اسے مضبوط و مستحکم کریں اور مظلوم مسلمانوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے تاکہ ان کی عزتوں و حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔