ایوان عد ل میں جماعت اسلامی لاہور کے وفد کا لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے اظہار تعزیت

کوئٹہ میں دہشتگردی کی شدید مذمت اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار یکجہتی

جمعہ 12 اگست 2016 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) ایوان عدل میں سانحہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے جماعت اسلامی لاہور کا وفدامیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہورایڈوکیٹ ضیاء الدین انصاری ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیرخان ، سیکرٹری اطلاعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد کی قیادت میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر ارشدجہانگیر جھوجھہ ، سیکرٹری لاہو ربار ایسوسی ایشن شاہد نواب چیمہ اور دیگر وکلاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی شہداء کے درجات بلندی زخمیوں کی جلد صحتیابی اور ملکی سلامتی کے لیے فاتحہ خوانی و دعائے خیر کی۔ دعا کے بعد امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں کالے کوٹ میں ملبوس روشن چہروں والے شہیدوں نے مادروطن کو اپنے لہو سے سیراب کر دیا اور تاریخ میں اپنا نام و مقام امر کر لیا ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بدترین دہشتگردی اور انسانیت کا قتل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ہم وکلاء برادری اور میڈیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے ہر پاکستانی میں غم و غصہ کی لہر دوڑگئی ہے دہشتگر دوں نے معصوم اور بے گناہ انسانوں پر بزدلانہ حملہ کیا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے فوری کیفرکردار تک پہنچایا جائے ملک میں پہلے سے گرفتار دہشت گردوں کوفوری سزائیں سنا کر عمل درآمد کو یقینی بنا ئے جائے ، دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی برابر کا شریک تصورکرتے ہوئے کسی قسم کی رعائت نہ برتی جائے ۔