چکوال، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی طرف سے میٹر ریڈر اور ایم آر ایس کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیخلاف واپڈا ملازمین کا شدید احتجاج

جمعہ 12 اگست 2016 21:20

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی طرف سے میٹر ریڈر اور ایم آر ایس کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے خلاف چکوال میں واپڈا ملازمین نے احتجاجاً تالابندی کر دی اور واقعہ پر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر وزارت سے استعفیٰ دیں ورنہ احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی ۔

آئیسکو کمپلیکس ہیڈ کوارٹر چکوال میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے رہنماؤں عبدالقیوم تنولی، شفیق الرحمن، پیر سرفراز، اور سجاد خان نے کہا کہ ٹیکسلا میں فرض شناس میٹر ریڈر کے خلاف عابد شیر علی نے جھوٹا مقدمہ درج کروا کر گرفتار کرنے کا جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

ہم حکومتی بدبختی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت ملازمین اور عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کر رہی ہے جبکہ واپڈا ملازمین کو سیاست چمکانے کے لیے کچلا جا رہا ہے۔ قبل ازیں واپڈا دفاتر کی احتجاجاً تالا بندی کر دی گئی۔ اور شہر کی بجلی بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا، مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگرعابد شیر علی سے استعفیٰ نہ لیاگیا تو واپڈا احتجاجاً بجلی بند کرنے پر بھی مجبور ہوگا۔

جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہوگی۔ مظاہرین نے عابد شیر علی کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی نعرہ بازی کی۔ زونل چیئرمین شفیق الرحمن نے انکشاف کیا کہ وزارت خزانہ کے احکامات پر عوام پر بھاری بل ڈالے جاتے ہیں جبکہ عابد شیر علی اور اعلیٰ حکام کی ہدایت پر جان بوجھ کر غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔