ایبٹ آباد،مبینہ اجرتی قاتل احسان پومامانسہرہ سے گرفتار

پوماحاجی غیورعرف منہااورکلیم خان کے قتل میں پولیس کومطلوب تھا،گرفتارملزم ایبٹ آبادمنتقل

جمعہ 12 اگست 2016 21:34

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اگست ۔2016ء) حاجی غیورعرف منہا اورکلیم خان کامبینہ اجرتی قاتل احسان پوما مانسہرہ سے گرفتار۔اس ضمن میں مقامی ذرائع نے بتایاکہ سترہ اگست2006ء کو شیخ البانڈی اور ایبٹ آباد کی معروف کاروباری شخصیت حاجی غیور عرف منہاکی گاڑی کو لیڈی گارڈن کے قریب ایک نامعلوم گاڑی نے ٹکرماری۔ جب حاجی غیورعرف منہانے گاڑی روکی تو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھادھند گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

جس کے نتیجے میں حاجی غیور عرف منہااپنے ساتھی سمیت موقع پر مارے گئے۔ اس واقع کے پانچ سال کے بعد 23جون 2011ء کو نامعلوم حملہ آوروں نے حاجی غیور عرف منہاکے دست راست اور جگری دوست کلیم خان کو بھی اندھادھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ان دونوں افراد کے قتل کی دعویداری مارٹرلینڈ مری روڈ کے رہائشی احسان عرف پوماولد محمد انور پرکی گئی۔

(جاری ہے)

احسان عرف پوما ان دونوں کیسوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔

جبکہ اس دوران احسان عرف پوما نے اپنا ڈاکوؤں کا ایک گروہ بنارکھاتھا۔رواں سال 22جون کی شام کینٹ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ احسان عرف پومااپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ آلٹوکار نمبرLEC-8685میں منڈیاں سے گامی اڈہ کی طرف آرہاہے۔پولیس نے احسان عرف پوما کی گاڑی کوگامی اڈہ میں روکنے کی کوشش کی تو اس نے کارلنک روڈ کی طرف بھگادی۔ جہاں سے وہ مری روڈ پر جھگیاں پہنچ گیا۔

ملزمان کی کارکاپیچھاگیا۔ اور فائرنگ کرکے ان کی گاڑی کا ٹائربرسٹ کیاگیا۔ اس دوران احسان عرف پوما ، شوکت ولد بشیر اور بابر ولد فراز ساکنان شیخ البانڈی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جبکہ عبدالجبار ولد ہدایت اللہ سکنہ لاڑکانہ، عاطف ولد محمد انور سکنہ نواں شہر، فخرعالم ولد خالد محمود اور محسن ولد امان اللہ ساکنان شیخ البانڈی کوگرفتار کرکے چارپستول برآمد کرلئے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز احسان عرف پوما کو مانسہرہ میں پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ ایبٹ آباد کے حوالے کردیاہے۔ ملزم کو ایبٹ آباد منتقل کردیاگیاہے۔اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :