وزیر داخلہ ہر دہشتگردی کی واردات کے بعدخوف سے کئی دن چھپ جاتے ہیں ،وہ قومی سلامتی بارے سوالات کا جواب دینے کی بجائے پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف جھوٹے الزامات میں پناہ تلاش کر رہے ہیں

پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عمران ظفر لغاری کا چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار

جمعہ 12 اگست 2016 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عمران ظفر لغاری نے چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ہر دہشتگردی کی واردات کے بعدخوف کے مارے کئی دن چھپ جانے والے وزیر داخلہ قومی سلامتی کے بارے سوالات کا جواب دینے کی بجائے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف جھوٹے الزامات میں پناہ تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں عمران ظفر لغاری نے کہا کہ ملک کی بہت بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ چوہدری نثار جیسا بزدل شخص وزیر داخلہ بنا ہوا ہے جو اعلانیہ عالمی دہشتگردوں کا ہمدرد ہے اور داعش کی حمایت کرنے والوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھ چکری کے چوہدری کے گریبان پر تب تک رہیں گے جب تک وہ اس سوال کا جواب نہیں دیتے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کتنا عملدرآمد ہوا؟ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار قوم کو یہ بتائے کہ جنرل مشرف کو ملک سے فرار کرانے میں سہولت کار بننے کی کیا قیمت وصول کی؟ کیا چوہدری نثار کو یہ پتہ نہیں تھا کہ جنرل مشرف کے خلاف عدالتوں نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں؟ عمران ظفر لغاری نے کہا کہ چوہدری نثار یہ بھی بتائے کہ وہ داعش والوں کیوں تحفظ فراہم کر رہے ہیں؟