سندھ میں سی این جی ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

اوگرا نے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا ہفتہ وار شیڈول بھی جاری کردیا

جمعہ 12 اگست 2016 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیاہے،کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز (ہفتہ) سے کھل جائیں گے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا کہ ایسوسی ایشن وفد نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہے جس میں وفاقی وزیر نے 10 سے 15 روز کے اندر معاملہ حل کرنے اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ وزیر پیٹرولیم نے اوگرا کو سی این جی کلو میں فروخت کرنے کے لئے طریقہ کار واضح کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ اوگرا نے سی این جی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کرنے کا مطالبہ مان لیا ہے جب کہ اوگرا کی جانب سے تحریری ہدایت جاری ہونے تک سندھ میں سی این جی فی کلو کے حساب سے ہی فروخت ہوگی۔

(جاری ہے)

اور ہفتہ سے سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشن معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔دوسری جانب اوگرا نے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا ہفتہ وار شیڈول بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی پیر ، بدھ اور جمعہ کے روز 24 گھنٹوں کے لئے معطل رہے گی۔

واضح رہے کہ اوگرا نے سندھ میں سی این جی کلو گرام کے بجائے لیٹر کی قیمت پر فروخت کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے لیٹر کے پیمانے سے سی این جی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا جس پر سی این جی اسٹیشنز مالکان نے احتجاجا گزشتہ روز سے غیرمعینہ مدت کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند کر دیئے تھے اور سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :