اوپن یونیورسٹی:راولپنڈی ریجن کی بی ایڈ سپیشل ورکشاپس 15اگست سے شروع ہوگی

ہفتہ 13 اگست 2016 13:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 اگست۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے راولپنڈی کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ بی ایڈ پروگرام کی ایک سپیشل ورکشاپ15۔اگست سے شروع ہورہی ہے۔ اس ورکشاپ میں ایسے تمام طلبہ و طالبات شرکت کرسکیں گے جو کسی مجبوری کے باعث 18۔جولائی 2016ء میں منعقدہ ورکشاپ میں شریک نہ ہوسکے تھے۔

ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کے مطابق بی ایڈ پروگرام کی سپیشل ورکشاپ وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی ہدایت کی روشنی میں منعقد کی جارہی ہے جو طلبہ کے بہتر تعلیمی مستقبل کی خاطر ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کے مطابق 15۔اگست سے شروع ہونے والی ورکشاپ میں شرکت کی خواہشمند طلبہ و طالبات سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایڈ پروگرام کی سپیشل ورکشاپ ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے 44۔علاقائی دفاتراپنے اپنے ریجن میں15۔اگست کو منعقد کررہے ہیں تاکہ کسی بھی مجبوری کے باعث گذشتہ بی ایڈ ورکشاپ میں شرکت نہ کرسکنے والوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ جو طلبہ اس خصوصی موقع سے استفادہ کرنا چاہیں انہیں چاہئیے کہ اوپن یونیورسٹی کے نذدیک ترین علاقائی دفترسے رابطہ کرکے 15۔اگست سے شروع ہونے والی بی ایڈ ورکشاپ میں شرکت کے لئے ضروری دستاویزات حاصل کریں۔‘