افغان طالبان نے مذاکرات کے بعد پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا

ہفتہ 13 اگست 2016 13:24

اسلام آباد/کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) افغان طالبان نے قبائلی جرگوں کے درمیان مذاکرات کے بعدپنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو بحفاظت پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا جسکی سرکاری ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے گئے عملے کو رہا کردیا ہے ‘رہا ہونے والوں میں چیف پائلٹ کرنل ریٹائرڈصفدر ‘ کوپائلٹس کرنل ریٹائرڈ شفیق ‘ میجر ریٹائرڈ صفدر اور لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ناصر ‘ کیبن کریو داؤد احمد اور محمد کوثر کے علاوہ روسی نیوی گیٹر سرگئی سواستی نوف شامل ہیں ذرائع کے مطابق تمام رہا شدگان کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عملے کے ارکان کو 12 اگست کی رات کرم ایجنسی میں ضلعی حکام کے حوالے کیا گیا اور ہیلی کاپٹر عملے کے تمام ارکان خیریت سے ہیں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹرعملے کوقبائلی جرگوں کے درمیان مذاکرات کے بعد پاکستان کے حوالے کیاگیا ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف افغان میڈیا نے بھی تصدیق کی کہ افغان طالبان نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کو رہا کردیا ہے۔واضح رہے کہ4 اگست کو پنجاب حکومت کا روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی مرمت کیلئے ازبکستان کے راستے روس جا رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث افغانستان کے صوبے لوگر میں اسے کریش لینڈنگ کرنا پڑی جس کے بعد اطلاعات ملی تھیں کہ افغان طالبان نے روسی شہری سمیت ہیلی کاپٹر عملے کے تمام ارکان کو یرغمال بنالیا تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان حکومت سے رابطے کر کے عملے کی بازیابی کیلئے درخواست کی تھی۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ امریکی کمانڈر جنرل نکلسن نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو ہر ممکن مددد کی یقین دہانی کرائی تھی ۔2 روز قبل ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے بعد ہیلی کاپٹر کے یرغمالی عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان حکومت نے بالآخر اس حوالے سے معلومات فراہم کردی ہیں اور عملہ بالکل محفوظ ہے۔

متعلقہ عنوان :