قوم کل کے دن اتحاد و یگانگت ،ملک کو لوٹنے والے ’ ’ مافیاز “ سے حقیقی آزادی حاصل کرنے کا عہد کرے ‘جمشید چیمہ

ہفتہ 13 اگست 2016 13:43

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ قوم کو 14اگست کے موقع پر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے اتحاد و یگانگت اورملک کو لوٹنے والے ’ ’ مافیاز “ سے حقیقی آزادی حاصل کرنے کا عہد کرنا ہوگا ،آرمی چیف کا نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل نہ ہونے سے ضرب عضب کے متاثر ہونے کا بیان لمحہ فکریہ ہے ۔

یو م آزادی کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا درد رکھنے والی قیادت میسر ہونے کے باعث پاکستان سے بعد میں آزاد ہونے والے کئی ممالک آج ترقی کی منازل طے کر چکے ہیں لیکن بد قسمتی سے قائد اعظم کے بعد پاکستان کو ایسی قیادت نہیں مل سکی جو اسے اندھیروں سے نکال کر روشنی کی راہوں پر ڈال سکتی ۔

(جاری ہے)

یہاں اقتدار میں آنے والوں اور انکے حواریوں نے تو تو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی لیکن پاکستان کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک و قوم کا درد رکھنے والے رہنما ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پوری قوم ان پر اعتماد رکھتی ہے اور انکے شانہ بشانہ ہے ۔ انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب تحریک انصاف اقتدارمیں آئے گی اور پاکستان کو قائد اعظم  کے افکار کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم کو اتحاد و یگانت اور ملک کو لوٹنے والے ” مافیاز“ سے حقیقی آزادی کے عزم کا عہد کرنا ہوگا ورنہ ہماری آنے والی نسلی بھی ان حکمرانوں کی غلام رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دہشتگردی اور کرپشن کا خاتمہ نا گزیر ہے لیکن بد قسمتی سے حکمران خود سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ آرمی چیف کا نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے حالیہ بیان نے حکومت کی دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :