دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے سرکاری افسران اور دانشور ”ربط ملت“ کا فلسفہ اپنائیں ‘شمائل احمد خواجہ

ہفتہ 13 اگست 2016 13:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے www.civilservice.org.pk کے ایڈریس سے سول سرونٹس کی ویب سائٹ کا تھرڈ ورژن اور نئی ویب پورٹل متعارف کرا دی ہے جس میں جدید ترین میڈیا ٹولز کے ذریعے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے سرکاری افسران کو آپس میں ہمہ وقت رابطے میں رہنے کی سہولت دینے کے علاوہ ملکی اوربین الاقوامی دانشوروں ،ادیبوں اور پبلک پالیسی ایڈمنسٹریشن ،ادارہ جاتی مینجمنٹ اوردیگر قومی امورکا عالمی تناظر میں تجزیہ کرنے والے ماہرین کے ساتھ انٹرایکشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے یہاں ایک پر وقار تقریب میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر سعد ایس خان جو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں، نے ویب سائٹ کے مختلف جدید فیچرز کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب خالد شیر دل نے ویب سائٹ میں دیئے گئے ”ہال آف فیم“ کے ٹائٹل سے ماضی کے نامور سی ایس پی اور آئی سی ایس آفیسرز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمایل احمد خواجہ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں جدت طرازی اور ربط کو فروغ دینے کے رجحان کو نیک شگون قرار دیا اور کہا کہ باہمی ربط کے بغیرکو ئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ چین اور ملائشیا جیسے ترقی یافتہ دوست ممالک میں باقاعدہ ”وزارت جدت طرازی“کے نام سے الگ وزارتیں قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ صدی میں پاکستان کا تصور دینے والے علامہ محمد اقبال  نے ہمیں ”ربط ملت“ کی اہمیت سے روشناس کرایا تھا ۔

بلا شبہ ہمارے پالیسی سازوں ، دانشوروں اور اکیڈمیاکے مابین ربط پیہم ہی ہمیں ربط ملت کی منزل تک لے جا سکتا ہے ۔شمائل احمد خواجہ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے نو جوان افسروں سے کہا کہ وہ اپنی قابلیت کو با مقصد قومی اہداف کے حصول کے لیے برو ئے کار لائیں اور انٹر نیٹ کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا درست تشخص اور اجتماعی شعو ر سے ابھرنے والے نقطہ نظر کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ فرانس میں صنعتی انقلاب سے جن قوموں نے اثر قبول نہیں کیا تھا ،انہیں آگے چل کر بڑی طاقتوں کا تسلط اور غلامی قبول کرنا پڑی ۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ آج جو قومیں انفرمیشن ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ کرنے کا موقع ضائع کر دیں گی ، ان کے لیے جدید دنیا میں آگے بڑھنے کا سرے سے کو ئی امکان باقی نہیں رہے گا ۔تقریب میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ایلومینائی ریسرچ سنٹر کے نئے تحقیقی جریدے ” پاکستان ایڈمنسٹریشن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک پالیسی جرنل “کا اجراء بھی کیا گیا جو جنوبی ایشیا میں معیار کے حوالے سے اپنی نو عیت کا پہلاPeer Reviewed جریدہ ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :