جنوبی کوریا کی اپوریشن نے” تھاڈ سسٹم “ کی تنصیب کی مخالفت کردی

ہفتہ 13 اگست 2016 14:08

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) جنوبی کوریا کی اپوزیشن کے قانون سازوں نے ملک میں میزائل شکن دفاعی نظام( تھاڈ) کی تنصیب کی مخالفت کردی ہے ، انہوں نے اس نظام کی تنصیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس وقت نصب کیا جارہا ہے جبکہ جنوبی کوریا اورچین کے درمیان تعلقات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں ، جنوبی کوریا کے بعض سیاستدانوں کی طرف سے تھاڈ نظام کی حمایت محض ایک دھوکہ ہے کیونکہ یہ نظام ملک کی قومی سلامتی کے حق میں نہیں ہے ، جنوبی کوریا کی اپوزیشن کے چھ قانون ساز آج کل چین کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ تھاڈ نظام کی حمایت کرنے پر جنوبی کوریا کے صدر پارک کیخلاف مواخذہ کیا جا ئے کیونکہ انہوں نے عوامی جذبات سے اس مسئلے پر آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جنوبی کوریا میں ہونے والے گیلپ سروے کے مطابق 33فیصد افراد صدر پارک کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں جبکہ 53فیصد ان سے اختلاف رکھتے ہیں اور وہ تھاڈ نظام کی تنصیب کو جنوبی کوریا کے مفاد میں بہتر نہیں سمجھتے۔

یاد رہے کہ تھاڈ نظام کی تنصیب کے باعث بیجنگ اور سیئول کے درمیان تعلقا ت غیر یقینی سطح تک پہنچ گئے ہیں ، چین کی مسلسل مخالفت کے باوجود امریکہ نے جنوبی کوریا نے تھاڈ سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا ہے ، اس سے جنوبی کوریا اور چین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو جائے گا تاہم جنوبی کوریا کی اپوزیشن کی طرف سے اس نظام کی تنصیب کی مخالفت سے رائے عامہ ضرور تقسیم ہو گئی ہے ، اپوزیشن کا خیال ہے کہ دونوں ملکوں کو مسئلے کے حل کیلئے بات چیت کرنی چاہئے تا کہ علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایاجاسکے ۔