وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے اطمینان کا اظہار

ہفتہ 13 اگست 2016 14:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان آنے والوں کا مکمل ریکارڈ بھی رکھا جا رہا ہے اور نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے تمام اقدامات کیے جا چکے ہیں لیکن ہمیشہ ہر کام میں مزید بہتری کی بھی ضرورت ہوتی ہے، سول و عسکری قیادت ان اقدامات میں مزید تیزی اور بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدکے نتیجے میں اب تک نفرت انگیز تقاریر کرنے والے آٹھ ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر بھی 14000ہزار افراد کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں سے متعدد کو سزائیں بھی دی گئی ہیں جبکہ جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان آنے والوں کا مکمل ریکارڈ بھی رکھا جا رہا ہے اور نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ اس کے علاوہ 105ملین سمز کی تصدیق کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے اور غیر قانونی سمز کو بند کیا جا چکا ہے، پاکستان میں غیر قانونی رہائش پذیر 50000افغان مہاجرین کو بھی واپس ان کے ملک بھیج چکے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے ہی پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے لیکن ہمیشہ ہر کام میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے حالیہ میٹنگز میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ایک ایسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو اس عمل میں حائل رکاوٹوں اور کمزوریون کی نشاندہی کے بعد انہیں دور کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

متعلقہ عنوان :