حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ‘رانا ثناء اللہ

ہفتہ 13 اگست 2016 14:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء)صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کا کام شروع کردیا ہواہے اور اس سلسلے میں شمالی اور جنوبی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کوئٹہ میں وکلاء پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور فرانس اور دیگر ممالک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سب کے سامنے ہیں، رانا ثنااللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے اوراسی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ پنجاب بھر میں کیے جانے والے مختلف آپریشنز میں اب تک 200 کے لگ بھگ ملزمان گرفتار بھی کیے جا چکے ہیں۔