ملک میں امن واستحکام اوروطن عزیز کے دفاع کیلئے اتحاد واتفاق کی فضا کو مزیدمستحکم بناناہوگا،اقبال ظفرجھگڑا

ہفتہ 13 اگست 2016 15:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا کہ ملک میں امن واستحکام کیلئے جاری کوششوں میں تسلسل اوروطن عزیز کا دفاع وسلامتی ناقابل تسخیر بنانے کیلئے وقت کا تقاضا ہے کہ باہمی اتحاد واتفاق کی فضا کو مزیدمستحکم بنایاجائے۔یہ بات انہوں نے یو م آزادی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی ہے۔

گورنر کے پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے۔“آج وطن عزیز کے70 ویں یوم آزادی کے موقع پر میں اپنے تمام ہموطنوں کو باالعموم اورخیبرپختونخوا اورفاٹا کے عوام کو باالخصوص مبارکباد دیتاہوں۔ ہماری ناریخ کایہ مبارک موقع ہمیں برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی بے پناہ قربانوں کی حامل تحریک آزادی کے نتیجہ خیز ہونے کا احساس دلاتاہے۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بلکہ یہ دن ہمیں اس لاامتناعی جدوجہد کے آغاز کا بھی احساس دلاتاہے جس میں ہماری قومی زندگی کاحالیہ مرحلہ بے حدچیلنجوں کاحامل ثابت ہوا۔

امسال یوم آزادی بے حداہمیت کاحامل ہے کیونکہ بعض ناگزیر حالات کی بنا پر قبائل علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں کی تعداد میں ہمارے قبائلی عوام اب واپس اپنے آبائی علاقوں میں بحالی کے مراحل میں ہیں۔یہ یقینا بے حدچیلنجوں کاحامل مرحلہ ہے جس سے ہم گزررہے ہیں۔اس مبارک موقع پر اپنے تمام ہموطنوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے میں خاص طورپر ان قبائلی عوام، پاک فوج اورسیکیورٹی فورسز کے جوانوں اورافسران کو سلام پیش کرتاہوں جومتاثرہ علاقوں میں امن واستحکام کی بحالی کی جدوجہد میں سرگرم عمل ہیں۔

ہم ان کی قربانیوں کا بھرپور احترام کے ساتھ اعتراف کرتے ہیں اور ہمارا یہ عزم بھی ہے کہ نقل مکانی کرنے والے قبائل کی اپنے گھروں میں مکمل بحالی یقینی بنانے کیلئے کو ئی کسراٹھانہیں رکھی جارہی ہے۔میں اپنے تمام ہموطنوں کو یہ بات بھی یادد دلاناچاہتاہوں کہ یہ وقت اپنے وطن کی سلامتی واستحکام کو ناقابل تسخیربنانے کا ہے،قوم کی ترقی وخوشحالی کو یقینی بنانے کاہے۔

اگرآج ہم اپنے آپ کو محفوظ اورسلامت محسوس کررہے ہیں تو یہ صرف اورصرف درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآہونے کیلئے دی گئی تاریخ سازقربانیوں کاصلہ ہے۔ آیئے ہاتھ میں ہاتھ دیکر،اپنی صفحوں میں ہرسطح پر مکمل اتحادواتفاق یقینی بنائیں، قوم کی ترقی وخوشحالی اوروطن عزیز کی سلامتی ودفاع کوناقابل تسخیر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں تسلسل کویقینی بنائیں۔