بلدیہ فیکٹری کیس،نامزدملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد

ہفتہ 13 اگست 2016 15:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) کراچی کی مقامی عدالت نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس میں ملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ عدالت میں عدالت نے تفتیشی آفیسر کو ایک ہفتے میں چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20اگست تک ملتوی کردی ہے۔ہفتہ کوسانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کی سماعت کے دوران ملزم ارشد ،فضل احمد ،شاہ رخ ،منصورو دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت کیس کے تفتیشی آفیسر نے بلدیہ کیس کا چلان پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی ۔عدالت نے کہاکہ فیکٹری مالکان کہاں ہیں ملزمان 2014 سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں ۔عدالت میں ان کے وکیل نے کہا کہ مالکان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ان کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا ان کے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہاکہ جب تک مقدمے کا چلان پیش نہیں ہوتا مالکان کو ملزم تصور کیا جائے گا عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی جبکہ عدالت میں اسپیشل پبلک پراسیکوٹر نے کہاکہ بلدیہ کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں گی۔

اس موقع پراسپیشل پبلک پراسکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ کیس کا چالان ایک ہفتے میں اے ٹی سی کورٹ میں پیش کردیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے نئی جے آئی ٹی میں نامزد ملزم علی حسن کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ملزم کی عدم موجودگی کے باعث درخواست ضمانت مسترد کی گئی۔

متعلقہ عنوان :