کوئٹہ خودکش دھماکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کی کوشش ہے، ملک میں ترقی کا پہیہ جام کرنے کیلئے مختلف انداز میں سازشیں جاری ہیں، کبھی دھرنوں کے ذریعے ملک کے نظام کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے، کبھی دہشت گردی کے واقعات پیش آتے ہیں ، عوام کی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کا ڈسٹرکٹ، تحصیل کونسلروں ،تاجروں اور مشران کی کھلی کچہری سے خطاب

ہفتہ 13 اگست 2016 20:35

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ خودکش دھماکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کی کوشش ہے، ملک میں ترقی کا پہیہ جام کرنے کیلئے مختلف انداز میں سازشیں جاری ہیں کبھی دھرنوں کے ذریعے ملک کے نظام کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے کبھی دہشت گردی کے واقعات پیش آتے ہیں لیکن عوام کی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

وہ ہفتہ کو میونسپل کمیٹی بنوں ہال میں ڈسٹرکٹ و تحصیل کونسلروں ،تاجروں اور مشران کے ساتھ کھلی کچہری کے انعقاد کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع ناظم بنوں عرفان درانی تحصیل ناظم ملک احسان خان ، تحصیل نائب ناظم ڈاکٹر ریاض علی ،چیف میونسپل آفیسر عصمت اﷲ مروت ، چیف آفیسر بنوں یوسف خان اقوام بنوں کے رہنما ملک یوسف اﷲ خان، انجمن تاجران کے صدر ملک مقبول خان ، ڈسٹرکٹ ممبرز ملک شکیل خان، سید کمال شاہ، ملک نیاز علی خان ، وسیم محسود سوکڑی، جمعیت یوتھ ونگ کے مرکزی ارگنائزر شمس قمر قریشی اور دیگر بھی موجود تھے کھلی کچہری میں، انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری حاجی جہانگیر خان ،سابق تحصیل ممبر طاہر خان خٹک اور دیگر شرکاء نے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بنوں شہر کے نکاس اب کا انتظام انتہائی خراب ہے اکثر نالیو ں کا پانی سڑکوں میں بہہ رہا ہوتا ہے جبکہ بارش کے بعد تو سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہوتی ہے جس سے نہ صرف عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ سڑکوں کو بھی خاطرہ خواہ نقصان پہنچ رہا ہے اس کے علاوہ آبنوشی کی پائپ لائن بوسیدہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے گٹر کا گندا پانی گھروں میں داخل ہو کر پینے کے صاف پانی میں شامل ہو جاتا ہے جبکہ بنوں شہر میں گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں وغیرہ کیلئے کوئی پارکنگ ایریا موجود نہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو گاڑیاں پارک کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ میونسپل کمیٹی بنوں منافع بخش ادارہ ہے لیکن ایک عرصے سے کرپشن کی نذر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی اپنی ساکھ کھو بیٹھی تھی جبکہ بنوں سٹی کے حالات بھی انتہائی خراب ہو گئے تھے لیکن اب میونسپل کمیٹی بنوں میں کرپشن کا کوئی سوال پیدا نہیں ہو تا میونسپل کمیٹی اور بنوں شہر کو اپنی حالت پر لانے کیلئے بھر پور کوشش جاری ہے ہم میونسپل کمیٹی کے ذرائع آمدن بڑھا کر ملازمین کو درپیش مسائل بھی حل کرائیں گے جبکہ بنوں شہر میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھی بہت جلد اقدامات اُ ٹھائیں گے شہر بھر میں سڑکوں پر تعمیراتی کام جاری ہے اس کے بعد نکاس اب کے انتظام کے ساتھ ساتھ ابپاشی کیلئے نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی انشاء اﷲ بہت جلد بنوں کے عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ بنوں شہر کی خوبصورتی بھی واپس لائیں گے