اوول ٹیسٹ : یاسر شاہ کا گوروں سے بدترین انتقام ،انگلینڈ نے 4وکٹوں پر 88رنز بنا لیے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 اگست 2016 22:35

اوول ٹیسٹ : یاسر شاہ کا گوروں سے بدترین انتقام ،انگلینڈ نے 4وکٹوں پر ..

اوول (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 13اگست ۔2016ء) اوول ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے یاسر شاہ کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ، میزبان ٹیم نے کھیل کے اختتام پر 4وکٹیں کھو کر 88رنز بنالیے ۔ تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو وکٹ کیپر سرفراز احمد نے یونس خان کے ہمراہ سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے 77رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد سرفراز 44رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،وہاب ریاض بھی زیادہ دیر یونس خان کا ساتھ نہ دے پائے اور 4رنز بنا کر معین علی کی گیند پر سٹمپ ہوگئے ۔

اس موقع پر پاکستانی اننگز کی بساط جلد لپٹی نظر آرہی تھی تاہم محمد عامر نے یونس خان کے ہمراہ 9ویں وکٹ کے لیے 97قیمتی رنز کا اضافہ کرکے میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کردی،اس دوران یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری بھی مکمل کی ، وہ 218رنز بنا کر اینڈرسن کا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل خان تھے جو 2رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ۔

محمد عامر 39رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔انگلینڈ کیلئے فن اور ووکس نے تین ، تین ،معین علی نے دو جبکہ اینڈرسن اور براڈ نے ایک ، ایک آﺅ ٹ کیا۔ انگلینڈ کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیاد ہ اچھا نہ رہا اور سیریز کے کامیاب ترین بلے باز الیسٹر کک اس بار کچھ خاص کیے بغیر 7رنز بناکر پوویلین لوٹ گئے، روٹ اور ہیلز نے انگلینڈ کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم ہیلز بھی 12رنز بنا کر یاسر شاہ کا پہلا شکار بن گئے،جیمز ونس کی خراب سیریز کا اختتام بغیر کوئی رن بنائے ہوا ،دن کے اختتامی اوورز میں یاسر شاہ نے روٹ کو ایل بی ڈبلیو کرکے پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط بنادی ۔

کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 4وکٹوں پر 88رنز بنالیے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے ابھی مزید 126رنز درکار ہیں،بیلنس 4اور بیئر سٹو 14رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔پاکستان کے لیے یاسر شاہ نے 3جبکہ وہاب ریاض نے 1وکٹ لی۔