سید خورشید احمد شاہ کی قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد

ہفتہ 13 اگست 2016 22:56

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اگست ۔2016ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم 14 اگست کی خوشیوں میں پاکستان کے عظیم بانی رہنماؤں اور ان بزرگوں، جوانوں، بہنوں، بیٹیوں اور ماؤں کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے اپنی عظیم قربانیوں سے آزاد وطن کے اس خواب کو سچ کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر ان جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک وطن کو سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے خلوص، لگن اور ایثار سے خدمات سر انجام دینے والے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ قابل قدر اور قابل احترام ہیں اور اس ملک کے عوام اپنے محسنوں کے ساتھ محبت کے ایک ایسے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں جو ناقابل شکست اور ناقابل فراموش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اِس ملک کی خدمت ہم سب پر فرض ہے اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم جیو اور جینے دو کی پالیسی کے تحت اپنے فرائض ادا کرتے جائیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں سے دوری اورآئین سے انحراف نے ہمیں ترقی، امن اور خوشحالی کی منزل سے دور کیا لیکن اگر ہم قائد کے اصولوں کی روشنی میں جمہوریت کے راستے پر چلتے رہے تو ہم اپنی منزل مراد کو حاصل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کا عمل تسلسل سے جڑا ہوا ہے اور ماضی میں جمہوری تسلسل کو توڑ کر آمریتوں نے ہمیں بد امنی، انتشار ، افلاس اور دہشت گردی سے دو چار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے خواب جمہوریت ،امن اور بھائی چارے سے جڑے ہوئے تھے اور ہم بہتر اندازِ جمہوریت اور بہتر طرز حکمرانی کے ذریعے ہی قائد کے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قائد کے اصولوں اور آئینی احکامات کے مطابق اگے بڑھتے رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنی منزل مراد کو حاصل نہ کر لیں۔