نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر فائرنگ کی اطلاع غلط ثابت ہوئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 اگست 2016 12:20

نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر فائرنگ کی اطلاع غلط ثابت ہوئی

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15اگست۔2016ء) امریکا کے بین القوامی ایئرپورٹ جان ایف کینیڈی نیویارک میں فائرنگ کی اطلاعات غلط ثابت ہوئیں اور تحقیقات کے بعد پولیس نے ایئرپورٹ کو کلیئر قرار دے دیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد نیویارک اور نیو جرسی پولیس ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے ایئرپورٹ کو گھیرے میں لے لیا۔

ایئر پورٹ سیکیورٹی پولیس اہلکار نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے ایئرپورٹ کے ٹرمینل 8 پر فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹرمینل 8 کے علاوہ ایئرپورٹ کے دیگر حصوں کی بھی تلاشی لی لیکن انہیں فائرنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں جائے وقوع سے گولی کے خول یا کوئی اور ایسا ثبوت نہیں ملا جس کے اس بات کی تصدیق ہوتی ہو کہ یہاں فائرنگ ہوئی تھی تاہم تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی کوئی مشکوک چیز موجود نہیں اور نہ ہی ایئرپورٹ کے اندر کوئی شخص زخمی ہوا ہے۔پولیس نے تلاشی کے بعد ایئرپورٹ کو کلیئر قرار دے دیا لیکن پولیس کی اضافی نفری ایئرپورٹ پر تعینات کردی گئی اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔قبل ازیں فائرنگ کی اطلاعات کے بعد پولیس اہلکاروں نے ایئر پورٹ کو خالی کرالیا تھا اور کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں تھیں۔

متعلقہ عنوان :