Live Updates

تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیا

وزیراعظم نے اثاثے چھپائے، ٹیکس چوری کئے ، منی لانڈرنگ کی ، قومی اسمبلی کے فلور پر غلط بیانی سے کام لیا ، وزیراعظم آئین کے آرٹیکل63پر پورا نہیں اترتے ، ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں عہدے سے نااہل قراردیا جائے،صفحات پر مشتمل ریفرنس میں پی ٹی آئی کا موقف امید ہے سپیکر غیر جانبداری کا مظاہرہ اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر ریفرنس الیکشن کمیشن کو ریفر کریں گے ، ایف بی آر اور نیب کے پاس اختیارات ہیں وہ پانامہ پیپرز کی کیوں تحقیقات نہیں کرتے ، الیکشن کمیشن نے ہمارے ریفرنسز کی سماعت میں میڈیا کو جانے کی اجازت دی جائے، شاہ محمو د قریشی

پیر 15 اگست 2016 23:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف نے آئین کے آرٹیکل 62-63کی خلاف ورزی کے تحت وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو جمع کرادیا ،200 صفحات پر مشتمل ریفرنس میں موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم نے اثاثے چھپائے، ٹیکس چوری کئے ، منی لانڈرنگ کی ، قومی اسمبلی کے فلور پر غلط بیانی سے کام لیا ، وزیراعظم آئین کے آرٹیکل63پر پورا نہیں اترتے ، ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں عہدے سے نااہل قراردیا جائے ۔

رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امید ہے سپیکر غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر ریفرنس الیکشن کمیشن کو ریفر کریں گے ، ایف بی آر اور نیب کے پاس اختیارات ہیں وہ پانامہ پیپرز کی کیوں تحقیقات نہیں کرتے ، الیکشن کمیشن نے ہمارے ریفرنسز کی سماعت میں میڈیا کو جانے کی اجازت دی جائے ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی ، شیریں مزاری اور عارف علوی نے سپیکر چیمبر میں وزیراعظم کی نااہلی کا ریفرنس سپیکر ایاز صادق کو پیش کیا ، ریفرنس 200صفحات پر مشتمل تھا جس میں اثاثے چھپانے ، ٹیکس چوری کرنے منی لانڈرنگ اور قومی اسمبلی کے فلور پر وزیراعظم کے خطاب میں غلط بیانی کے حوالے دیے گئے اور مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل63پر پورا نہیں اترتے ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں عہدے سے نااہل قراردیا جائے ۔

بعد ازاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے نوازشریف کیخلاف ریفرنس سپیکر کو جمع کروا دیاہے،میں سپیکر کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے وقت دیا اور افسوس بھی ہوا کہ جب مسلم لیگ (ن)نے ریفرنس دائر کروایا تو میڈیا کو اجازت دی گئی تھی جبکہ آج میڈیا کو اجازت نہ دینا انکا دوہرا معیارہے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کا معاملہ بین الاقوامی تھا اس پر وزیراعظم نے جو بات کی تھی اسے پورا نہ کیا، حکومت نے اپنے ٹی اوآر سپریم کورٹ کو بھیجے مگر وہ واپس ہوئے جس کے بعد اپوزیشن اور حکومت نے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جس کی آٹھ طویل نشستیں ہوئیں جو بے سود رہیں،حکومت نشستاً اور برخستاً کرتی رہی ، ٹی او آرز کے معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا، جس کے بعد19جولائی کو تمام اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ہم پارلیمانی اور عوامی راستے اپنائیں گے،اس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہوئی تو اپوزیشن کے ٹی اوآر پر بات ہوگی ۔

19جولائی کی میٹنگ میں سندھ ، خیبر پختونخوا اسمبلی اور سینٹ میں جن ٹی اوآرز پر اتفاق ہوا تھا ان کو بنیاد بناتے ہوئے انکوائری بل لانے کے حوالے سے بھی فیصلہ ہوا جس پراعتزاز احسن کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپیکر کے پاس ریفرنس آرٹیکل 62-63 کی خلاف ورزی پر دائر کیاکیا گیا ہے ، امید ہے سپیکر غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو ریفر کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کوئی جماعت خود سے کوئی قدم اٹھانا چاہے تو کوئی عذر نہ ہوگا۔جس کے تحت ہماری تحریک حتساب کا آغاز کیا گیاجس کے پشاور تا اٹک اور راولپنڈی سے اسلام آباد ریلی کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں ، خیبرپختونخوا اور جڑواں شہروں کی عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے شرکت کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج منگل کی تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہے جس میں آئندہ کا لائحہ طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ہمارے ریفرنس کی سماعت کے دوران میڈیا کو کوریج کی اجازت دی جائے ،یہ ہمارا مطالبہ ہے اور میڈیا کا یہ حق ہے کہ عوامی مسئلہ کو عوام تک پہنچائے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف بی آر اور نیب کی ذمہ داری تھی کہ وہ ازخود پانامہ میں آنے والے افراد کیخلاف ایکشن لے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات