جہانگیر ترین کی زیرِ صدارت سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں پانامہ لیکس پرنئے شواہدپرغور و خوض، اہم فیصلوں کی منظوری

اجلاس میں تحریک احتساب کی لاہور سے آئندہ ریلی کے مجوزہ روٹ پر صلاح مشورے ، حکمران احتساب سے سخت خوفزدہ ہیں‘جہانگیر ترین کرپشن کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی، پاکستانی عوام حکمرانوں کو کرپشن کا پیسہ ہضم نہیں کرنے دے گی۔عبدالعلیم خان ودیگر کا طاب

پیر 15 اگست 2016 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہاکہ تحریک احتساب ریلی نے (ن) لیگ کی نیندیں حرام کردی ہیں، کرپشن اور لوٹ ماربڑی لعنت ہیں جس سے ملک کی ترقی کی پہیہ رکا ہوا ہے ، پانامہ لیکس پر وزیراعظم اور ان کی فیملی کو احتسا ب کے کٹہرے میں ضرور کھڑا کریں گے، دن بدن حکمرانوں کے کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملکی معیشت دن بدن کمزور ہو رہی ہے ،جہانگیر خان ترین نے تحریک احتساب میں پنجاب کے تمام ضلعوں کے صدور کوتحریک احتساب کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ، چیئرمین عمران خان کی کال پر پنجاب سے لاکھوں کی تعداد میں عوام سڑکوں میں نکلنے کے لئے تیار ہیں، جہانگیرترین نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین سیکرٹریٹ میں سنٹرل پنجاب کی سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں کیا،سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی قیادت میں سٹریٹجی اجلاس میں اسحاق خاکوانی ، چوہدری اشفاق ، انعام الحق پراچہ ، اورنگ زیب کچھی ، بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ، نوریزشکور، بلال اعجاز،چوہدری الیاس ، فرخ حبیب اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پانامہ لیکس پرسامنے آنے والے نئے شواہدپرغوروخوض کیا گیا جن کی روشنی میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تحریک احتساب کی آئندہ لاہور سے ریلی کے مجوزہ روٹ پر صلاح مشورے ہوئے ۔ جہانگیر ترین خان نے کہاکہ حکمران احتساب سے سخت خوفزدہ ہیں اور پانامہ لیکس سے فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن تحریک انصاف دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت کو پانامہ لیکس پر جواب دینے پر مجبور کردے گی، عبدالعلیم نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے تک تحریک احتساب جاری رہے گی، وزیراعظم اور ان کے خاندان کو پانامہ لیکس پر احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، پاکستانی عوام حکمرانوں کو کرپشن کا پیسہ ہضم نہیں کرنے دے گی اور کرپشن کرنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے گی، اگر حکمرانوں کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ کیوں ڈر رہے ہیں اور اپنے آپکو احتساب کے لئے پیش کیوں نہیں کرتے ،حکمرانوں کے بزنس ترقی کررہے ہیں جبکہ ملکی معیشت دن بدن کمزور ہو رہی ہے ، عبدالعلیم خان نے کہاکہ ملک کی سب سے بڑی لعنت کرپشن اور لوٹ مار ہے، جب تک ملک سے کرپشن اورلوٹ مارکرنے کو والوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ملک ترقی نہیں کرسکے گا،میٹنگ میں تحریک انصاف کی سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع میں تنظیموں کو فعال اور متحرک بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

میٹنگ میں تحریک احتساب ریلی کے روٹس کی منصوبہ بندی کی گئی اور چیئرمین عمران خان بنی گالہ میں کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں روٹس کا اعلان کریں گے۔