پابندی کا شکار اسد رؤف کی ناروے میں نمائشی میچ میں امپائرنگ ،آئی سی سی نے نوٹس لے لیا

اتوار 21 اگست 2016 12:49

پابندی کا شکار اسد رؤف کی ناروے میں نمائشی میچ میں امپائرنگ ،آئی سی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء) پابندی کے شکار اسد روٴف کی ناروے میں نمائشی میچ کے دوران موجودگی سے کئی سوال اٹھ گئے،آئی سی سی قوانین کے تحت بھارتی بورڈ کی 5 سالہ پابندی پرتمام ممالک عمل کے پابند ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل2013میں پاکستانی امپائر اسد روٴف پر کرپشن کے الزامات عائد ہوئے، ممبئی پولیس نے تو اس کیس میں انھیں ”مطلوب ملزم“ قرار دیا ہوا ہے، اسد تمام الزامات کو مسترد کر چکے، وہ بھارت کے سوا کسی دوسرے ملک میں بیان دینے پر آمادہ ہیں مگر پولیس نہیں مان رہی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے رواں برس فروری پر ان پر5 سالہ پابندی عائد کر دی تھی جس کے تحت وہ امپائرنگ اورکھیلنے سمیت کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، گوکہ یہ سزا بی سی سی آئی نے سنائی لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل قوانین کے تحت کسی ایک ملک کے ایسے فیصلے پر تمام ممبران کو عمل کرنا پڑتا ہے، ایسے میں گزشتہ روز اوسلو ناروے میں ایک نمائشی میچ کے دوران اسد روٴف کی موجودگی کئی سوال جنم لینے لگے۔

(جاری ہے)

پاکستانی کرکٹ الیون اور ورلڈ اسٹار کے درمیان اس میچ میں مصباح ، محمد عرفان، عمر اکمل، محمد آصف ، سعید اجمل،فواد عالم اور عبدالرزاق سمیت سابق کرکٹ محمد یوسف و دیگر بھی شریک ہوئے، بورڈ نے اپنے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو اس کی اجازت بھی دی تھی، اس کے ایک آفیشل بھی نجی حیثیت سے موجود تھے۔ترجمان کے مطابق معاملہ آئی سی سی کے علم میں بھی ہے اور اس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد اسد رؤف کی امپائرنگ بارے حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

پی سی بی کے تمام اعلیٰ عہدیدار بیرون ملک ہیں اس لیے کسی سے ردعمل نہ لیا جا سکا، واضح رہے کہ الزامات سامنے آنے پر آئی سی سی نے اسد روٴف کو چیمپئنز ٹرافی کے امپائرز پینل سے ہٹا دیا تھا، بعد میں وہ الیٹ پینل سے بھی باہر ہو گئے تھے۔