وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ورلڈ بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کے دوبارہ انتخاب کی تجویز

جمعرات 25 اگست 2016 22:52

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ورلڈ بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کے دوبارہ انتخاب کی تجویز دی ہے۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈاکٹر جم یونگ کم کی عالمی اقتصادی بحالی‘ ترقی اور غربت کے خاتمے کے لئے قابل تعریف اور زبردست کارکردگی کے پیش نظر انہیں آئندہ پانچ سال کے لئے دوبارہ ورلڈ بنک کا صدر منتخب کیا جائے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ورلڈ بنک کی طرف سے تعاون کو سراہا اور پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے ورلڈ بنک کے صدر کے کردار کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر کم پاکستان کے قریبی دوست ہیں اور انہوں نے پاکستان میں ترقی کے لئے قابل قدر تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کم کا عرصہ صدارت جون 2017ء میں ختم ہو رہا ہے۔ ورلڈ بنک کے آئندہ صدر کے لئے نامزدگی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر کم کی نمایاں خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آئندہ پانچ سال کے لئے بھی صدر منتخب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک حالیہ سالوں میں پاکستان کی ترقی کے سلسلے میں قریبی شراکت دار رہا ہے۔ بالخصوص گزشتہ تین سالوں میں مختلف شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات کے لئے ورلڈ بنک نے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :