کراچی،پولیس نے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے7دفاترگرادیئے

تمام دفاترغیرقانونی زمین پر قائم کئے گئے تھے، ایس ایس پی ملیرراؤ انوار

جمعرات 25 اگست 2016 22:52

کراچی،پولیس نے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے7دفاترگرادیئے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) پولیس نے کراچی کے علاقوں بھینس کالونی، سچل، ایئرپورٹ، طارق بن زیاد سوسائٹی ،قائد آباد مجید کالونی،احسن آباد اورشاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایم کیوایم کے 7دفاتر گرائے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ملیرراؤانوارکے مطابق تمام دفاترغیرقانونی زمین پر قائم کئے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم لندن قیادت کی ریاست مخالف تقریر پر ریاست کا ردعمل آنا شروع ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں سرکاری زمینوں پر قائم ایم کیو ایم کے سیکٹر اور یونٹ آفسز مسمار کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں بھینس کالونی اور قائد آباد میں واقع یونٹ آفسز مسمار کئے گئے، اس کے علاوہ سکھن ، سچل اور ایئر پورٹ تھانوں کی حدود میں قائم دفاتر بھی گرادیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے زیادہ تر دفاتر پارکس اور کھیل کے میدانوں میں ہیں جنہیں ایک ایک کرکے منہدم کردیا جائے گا، متحدہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے دفاتر خریدی ہوئی پراپرٹی میں قائم کریں،سرکاری اداروں میں موجود متحدہ لیبر ڈویژن کے دفاتر بھی ختم کردیئے جائیں گے۔