ایم کیو ایم کے دفاتر کے خلاف کارروائی ، 5 کارکنان کو گرفتار بھی کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 26 اگست 2016 12:24

ایم کیو ایم کے دفاتر کے خلاف کارروائی ، 5 کارکنان کو گرفتار بھی کر لیا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست2016ء): ایم کیو ایم کے دفاتر کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیاہے۔کارروائیوں میں ایم کیو ایم کے متعدد دفاتر کو سیل کر دیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے 5 کارکنان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں موجود ایم کیو ایم کا یونٹ آفس سیل کیا گیا جبکہ یونٹ آفس کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے اور ایم کیو ایم کے 5 کارکنان کو بھی اسی یونٹ آفس کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملیر ہالٹ طارق بن زیاد سوسائٹی میں ایم کیو ایم یونٹ 104 گرا دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کا یہ یونٹ آفس پارک کی جگہ پر قائم کیا گیا تھا۔ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں بھی ایم کیو ایم کا یونٹ آفس 105 سرکاری اراضی پر بنایا گیا تھا جسے سیل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لطیف آباد میں سرکاری پارکس اور اسکول میں قائم دفاتر کو مرحلہ وار گرایا جائے گا۔ پارکس، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر پر قائم غیر قانونی دفاتر کو ختم کر دیا جائے گا۔ ایم کیو ایم کے غیر قانونی طور پر قائم دفاتر کو گرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اب تک ایم کیو ایم کے 35 سے زائد دفاتر کو سیل جبکہ 5 سے زائد کو گرایا جا چکا ہے۔