وفاقی حکومت نے جامعہ حفصہ کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کرنے کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

جمعہ 26 اگست 2016 23:04

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء) وفاقی حکومت نے جامعہ حفصہ کی تعمیر کے لئے 20 کنال اراضی فراہم کرنے کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔ یاد رہے کہ مولانا عبدالعزیز نے گزشتہ سال سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ لال مسجد کیس کے 2007ء میں ہونے والے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائے۔

(جاری ہے)

4 مئی کو کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت سے 2007ء کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ طلب کی تھی۔جمعہ کو ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔ یاد رہے کہ لال مسجد آپریشن کے بعد سی ڈی اے اور لال مسجد انتظامیہ کے درمیان ہونے والے ایک معاہدہ کے تحت جامعہ حفصہ کی دوبارہ تعمیر کے لئے ایچ 11فور میں 20 کنال اراضی فراہم کی جانی تھی۔ معاہدے کے مطابق پورا پلاٹ جامعہ حفصہ کی تعمیر کیلئے بروئے کار لایا جائے گا جبکہ لال مسجد سے ملحقہ اراضی صرف مسجد کے صحن کے طور پر استعمال ہوگی۔

متعلقہ عنوان :