حالیہ بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا کہ سندھ کے عوام بلاول اور آصف زرداری کی قیادت پر غیر منزلزل یقین رکھتے ہیں

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سندھ میں پارٹی کی شاندار اور تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ سندھ کے عوام پاکستان پیپلزپارٹی ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت پر غیر منزلزل یقین رکھتے ہیں اور پی پی پی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، وہ آج کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع جنوبی کے نومنتخب چیئرمین ملک فیاض کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے کامیابی کے بعد ان سے ملاقات کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر پارٹی کے رہنما وقار مہدی ، صدیق ابو بھائی ،حاجی قاسم بلوچ نومنتخب یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین حبیب حسن ، محمود ہاشم اور دیگررہنمابھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ سندھ کے عوام کی خدمت کی ہے اور مسائل حل کئے ہیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ عوام بھی پارٹی اور قیادت سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔

30 اضلاع میں سے24 اضلاع میں شاندار کامیابی اس امر کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سندھ کے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترے گی۔ سید قائم علی شاہ نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین اور یوسی چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر جاکر حل کریں جو کہ پی پی پی کے منشور کا اہم جز ہے۔