پاکستان ممبئی حملوں اور پٹھانکوٹ ایئر بیس پر دہشتگرد حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، داعش ، القاعدہ ، لشکر طیبہ،جیش محمد ، ڈی کمپنی اور حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے ختم کیے جائیں،اچھے اور برے دہشتگردوں میں فرق نہیں کیا جانا چاہیے،امریکہ اور بھارت کے درمیان دوسرے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اختتام پرجاری مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ

بدھ 31 اگست 2016 21:03

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء) امریکہ اور بھارت کے درمیان دوسرے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممبئی حملوں اور پٹھانکوٹ ایئر بیس پر دہشتگرد حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔ بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق امریکہ اور بھارت کے درمیان دوسرے اسٹریٹجک اور کمرشل ڈائیلاگ کے حوالے سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں جانب سے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی گئی ہے، دہشتگرداور کرمنل نیٹ ورک جس میں داعش ، القاعدہ ، لشکر طیبہ،جیش محمد ، ڈی کمپنی اور حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے پر زوردیا گیا ہے ۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز امریکہ اور بھارت کے درمیان ہونے والے دوسرے اسٹریٹجک ڈائیلاگ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی قیادت میں ہوئے جس میں بھارتی وزیر تجارت وصنعت نرملا ستھرمان اور امریکی سیکرٹری تجارت پینی پریتزکر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دونوں جانب سے پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ 2008کے ممبئی حملوں اور 2016میں ہونے والے پٹھانکوٹ حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔

اچھے اور برے دہشتگردوں میں فرق نہیں کیا جانا چاہیے ۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک دہشتگردانہ منصوبے رکھنے والی تنظیموں اورسرحد پار دہشتگردی میں مشغول افراد کے حوالے غور جاری رکھیں گے ۔اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں واشنگٹن میں جولائی 2016میں منعقد ہونے والے بھارت اور امریکہ کے انسداد دہشتگردی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے دوران انسداد دہشتگردی کے مسائل پر مکمل طور پر بات چیت کی گئی ا ور اقدامات کا خیر مقدم کیا گیا ۔