کراچی،ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کااہم اجلاس

اجلاس میں ڈپٹی مئیرکراچی ارشدوہرا، سینٹرل ،ویسٹ ،ایسٹ ،کورنگی ڈسٹرکٹ کے چیئرمین،وائس چیئرمین،یوسیزچیئرمین ،وائس چیئرمینز،کونسلر کی شرکت

جمعرات 1 ستمبر 2016 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم ستمبر ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کااہم اجلاس جمعرات کے روزپیر الہی بخش کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی مئیرکراچی ارشدوہرا، سینٹرل ،ویسٹ ،ایسٹ ،کورنگی ڈسٹرکٹ کے چیئرمینز،وائس چیئرمین،یوسیزچیئرمین ،وائس چیئرمینز،کونسلر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان سربراہ ڈاکٹرمحمدفاروق ستار،سینئرڈپٹی کنوینرعامرخان،اراکین رابطہ کمیٹی،سینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے ارکان ،سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن ،سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم پارلیمانی لیڈرسیدسرداراحمداورحق پرست اراکین سینیٹ،قومی وصوبائی اسمبلی سمیت ایم کیوایم پاکستان کے شعبہ جات اورذمہ داران کارکنان بھی خصوصی طورپرشرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے ڈاکٹرمحمدفاروق ستار،خواجہ اظہارالحسن اورڈپٹی مئیر کراچی ارشدوہرانے خطاب کیا۔بلدیاتی نمائندوں کااجلاس مقررہ وقت پرتلاوت قرآن پاک سے ہوا۔حق پرست بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے میں رکن رابطہ کمیٹی اور سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارا لحسن نے کہا ہے کہ ہم نے قوم کی خدمت کیلئے وفاداری کاجو حلف لیا ہے اس کے لئے ہمارے حوصلے اور عزم آج بھی جوان ہیں اور اس میں ذرا سا بھی ارتعاش نہیں ہے ، اس ہمت ، طاقت اور جرات کابھر پورمظاہرہ آج کے بلدیاتی نمائندگان کی موجودگی میں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں برا وقت بھی آتا ہے اور ان سے نکلنے کی تدابیر بھی قومیں ہی ملکر نکالتی ہے اس کھٹن صورتحال میں یہ بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مینڈیٹ تو متحد ہے اور کراچی کا مینڈیٹ بھی ہزاروں کی تعداد میں متحد ہوکرکراچی کو کسی کے آسرے پر لاوارث نہیں چھوڑے گا اور نہ ہی کسی کو کراچی کو یرغمال بنانے کی اجازت دیگا ۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو اپنی مصنوعی سیاست اور جبر کے لے ذریعے کسی کو قبضہ نہیں کرنے دے گا، کراچی کے عوام ایم کیوایم پر اندھا اعتماد کرتے ہیں اور وہ کسی طور اس کا شیرازہ بکھرنے نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ باوجود اس کے کہ ہرزہ سرائی ، بے یقینی، الزام تراشی مسلسل جاری ہے ،لیکن یہ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اب جتنی شدت سے سیاسی تنہائی کا شکار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہم اسی شدت کے ساتھ عوام میں اپنے رابطوں کو بہتر بنائیں گے ۔

انہوں نے سپریم کورٹ کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی کی حق پرست چیئرمین شپ بحال کردی ہے ،سپریم کورٹ کو اس پر بھی توجہ دینی چاہئے کہ ہمیں کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا اور شہر کو سنبھالنے کا موقع دیاہے باوجود اس کے کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں لیکن ہماری تعداد اتنی بڑی ہے کہ ہم اپنے عمل سے انتظامیہ اور ارباب اختیار کو مجبور کرنے کی طاقت رکھتے ہیں کہ وہ بلدیاتی اختیارات دیں ،کراچی میں فراہمی ونکاسی آب ، سیوریج اور نالوں کی صفائی اور کچرے کے انبار کو ٹھکانے لگانے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت تدبیر نکالنی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے حوصلے یونٹ آفسز ، ٹاؤن آفسز کے ٹوٹنے اور مسمار کرنے سے نہیں بکھر رہے ہیں جتنے یونٹ آفس ٹوٹ رہے ہیں اتنا ہی اتحاد مضبوط ہوتا جارہا ہے ، ہمیں اس سلسلے میں بھی یہ یقین رکھنا ہے کہ ہماری جو تیس سالہ محنت ہے جو ہمارا فلسفہ اور نظریہ ہے وہ آپ سب اورہم سب کی صورت میں قوم کی امانت ہے اور ہم نے یہ امانت قوم کے ہاتھوں میں اپنے عمل اور کردار سے سونپنی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوامی مینڈیٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مینڈیٹ آج بھی عوام سے جڑا ہوا ہے اور اس کی شہرت کی وجہ سے اس مینڈیٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو شرم کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ایک میئر پابند سلاسل ،تین رابطہ کیٹی کے اراکین ، ایم پی اے اور تین بہنیں حراست میں ہیں ،ہم نے کسی ایشو سے بھی دستبرداری نہیں کی ہے ہم آج بھی اسی طرح اپنے بنیادی نکات اور منشور پر قائم و دائم ہیں ہم کسی بھی جگہ پر اپنے بنیادی منشور ، غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی ، اپنے لاپتہ گرفتار ساتھیوں اور جو ماورائے عدالت قتل ہوچکے ہیں ہم ان مسائل سے دستبردار نہیں ہوئے اس پر ہمارا واضح موقف ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کو توجہ عوام کے مسائل حل کرنے پر لگانی ہے اور عوام کی دعائیں لینی ہے ، کل سے سب اپنی یوسیز میں پھیل جائیں ، یہ آرام کا وقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام اندرون سندھ کے زون ، پنجاب ، کے پی کے ، بلوچستان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ذمہ داران بھی ایم کیوایم پاکستان کے موقف کے ساتھ ہیں اور اس پر بھر پور اعتماد کااظہار کرچکے ہیں ۔

حق پرست منتخب ڈپٹی مئیر ارشد وہرانے کہاکہ پچھلے دنوں جن مشکلات سے ہم گزارے ہیں یہ وقت تقاضا کررہا ہے کہ ہم متحد ہوکر رہیں اور اللہ تعالیٰ نے یہ موقع بھی دیدیا ہے اب اور آٹھ نو ماہ بعد وہ گھڑی بھی آگئی یہ وہ موقع ملا ہے جس کا ہم نے اپنی قوم سے وعدہ کیا تھا اور جب ہمیں ووٹ دیا گیا تھا عوام کو یقین تھاکہ حق پرست بلدیاتی نمائندے عوام کے مسائل حل کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ تمام یونین کونسلیں ، چیئرمینز اور چاروں ڈسٹرکٹ ہمارے پاس ہیں ، انشاء اللہ تعالیٰ وسیم اختر بھی جلد رہا ہوکر آئیں گے اور اپنی ذمہ داری ادا کریں لیکن جب تک ہم قانونی طریقے سے ان کی رہائی کا انتظام کررہے ہیں وہیں حکومت اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وسیم اختر شہر کے منتخب میئر ہیں انہیں جلدرہاکیا جائے تاکہ وہ بھی کراچی کی خدمت کے بیڑے میں شامل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں نے شہر کے مسائل کو حل کرنا ہے اور عوامی سطح پر رائے عامہ ہموار کرنی ہے ، شہر کے مسائل کے حل کیلئے پلان بنایا ہے لیکن اس کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان پر بہت بڑی ذمہ داری ہے اور اسے ثابت کرنا ہے کہ وہ شہر کراچی کے مسائل کو حل کرنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے عوام سے جاکر ملیں اورانہیں بھی اعتمادلیکران کی مایوسی کاخاتمہ کرے اور اپنے کام کوتیزکرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کریں کیونکہ عوام نے جو ووٹ بلدیاتی نمائندوں کو دیئے ہیں وہ ہمارے پاس امانت ہیں ۔