پاکستان مارچ کے لئے تحریک انصاف کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں‘شاہدرہ سے چیئرنگ کراس تک تمام روٹس کو پی ٹی آئی کے پرچموں اور بینروں سے سجا دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 2 ستمبر 2016 15:33

پاکستان مارچ کے لئے تحریک انصاف کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں‘شاہدرہ ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 ستمبر۔2016ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پاکستان مارچ کے لئے تحریک انصاف کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ شاہدرہ سے چیئرنگ کراس تک تمام روٹس کو پی ٹی آئی کے پرچموں اور بینروں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ عمران خان کا کنٹینر بھی لاہور پہنچ گیا۔پاکستان تحریک انصاف 3 ستمبر کو شاہدرہ سے لے کر چیئرنگ کراس تک پاکستان مارچ کر رہی ہے اس کے لیے تیاریوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔

پارٹی رہنماوں کی جانب سے روٹ کے راستے میں بینرز ، فلیکسز اور جھنڈے لگائے گئے ہیں۔ ریلی کا آغاز 3 ستمبر کو شاہدرہ موڑ سے روانہ ہو گا۔ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہدرہ پہنچنے کے بعد کنٹینرپر سوار ہو کر مارچ کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کنٹینر لاہور پہنچ چکا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے مارچ کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

عمران خان شاہدرہ چوک، بھاٹی چوک، ناصر باغ، جی پی اور چیئرنگ کراس میں پاکستان شرکاءسے خطاب کریں گے اور آئندہ مارچ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔تحریک انصاف کی ریلی کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریلی کے روٹ پر 3 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ اونچی عمارتوں پر سنائپرز بھی پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں گے۔