سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی اپیلوں کی سماعت کیلئے بینچ دوبارہ تشکیل دینے کا حکم دیدیا

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی اپیلوں کی سماعت کے لئے بینچ دوبارہ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالرسول میمن پر مشتمل دو رکنی بنچ کی عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں ملزم شاہ رخ جتوئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم شاہ رخ جتوئی نابالغ ہے، قانون کے مطابق ملزم کا کیس اے ٹی سی میں نہیں چلایا جاسکتا، ملزم کی عمر کے تعین کیلئے کیا جانے والا اوسی فکیشن ٹیسٹ جس بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا وہ نامکمل تھا، بورڈ کو رائے دینے کا اختیار نہیں تھا، عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے فریقین کے وکلا کو ازسر نو دلائل دینے کا اور اپیلوں کی سماعت کے لئے بینچ بھی دوبارہ تشکیل دینے کا حکم دے دیا واضح رہے نوجوان شاہ زیب قتل کیس میں شارخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزا موت سنائی گئی تھی جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔