Live Updates

الیکشن کمیشن وزیراعظم اور اہل خانہ، تحریک انصاف کے غیر قانونی چندے سمیت مختلف درخواستوں کی سماعت کل کریگا

پیر 5 ستمبر 2016 23:08

الیکشن کمیشن وزیراعظم اور اہل خانہ، تحریک انصاف کے غیر قانونی چندے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 ستمبر ۔2016ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں قائم بینچ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ، تحریک انصاف کے غیر قانونی چندے میں مبینہ ہیر پھیر اور غبن سے متعلق قانونی درخواستوں کی سماعت (آج) منگل کو کرے گا۔ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کی نا اہلی کے لئے الیکشن کمشن میں پٹیشن دائر کرنے والی جماعتوں میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی تحریک شامل ہیں جن میں وزیراعظم پر اپنے اثاثہ جات چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بشریٰ گوہر نے بھی تحریک انصاف کے پی کے اسمبلی کے دو ارکان اور سینیٹر لیاقت علی خان کے خلاف اثاثہ جات چھپانے پر پٹیشن دائر کی ہوئی ہے جس میں گزشتہ شماعت پر نوٹس جاری ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف پی ٹی آئی کے نوابزادہ صلاح الدین کی پٹیشن بھی زیر سماعت ہے۔ تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کی طرف سے دائر پٹیشن کی سماعت کے لئے بھی (کل) منگل کی تاریخ مقرر ہے۔

اس درخواست میں پی ٹی آئی کو غیر قانونی کروڑوں ڈالر کی غیر ملکی مالی امداد کی فراہمی کا انکشاف کیا گیا ہے جنہیں پارٹی کے الیکشن کمشن میں جمع کرائے گئے سالانہ گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمشن ان رقوم کے ذرائع اور انہیں ظاہر کرنے کے حوالے سے پہلے ہی حکم صادر کر چکی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے حکم پر عملدرآمد کا مرحلہ بھی درپیش ہے۔

اکبر بابر کا موقف ہے کہ پارٹی عطیات میں سنگین گھپلے ہوئے، فارنزک آڈٹ میں یہ شواہد موجود ہیں جبکہ چندے کی رقوم پی ٹی آئی کے لیڈروں اور ملازمین کے نجی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئیں جن کی فارنزک تحقیقات کرائی جائیں۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جہاں یہ درخواست تاحال زیر التواء ہے البتہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ایک سابقہ حکم میں قرار دیا تھا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا طویل انتظار کرنے کے بعد کمشن اب اس معاملہ میں اپنے قانونی اختیار کو استعمال کرتے ہوئے کارروائی کو آگے بڑھائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات