ادارہ جاتی ڈھانچہ کی تشکیل کے ذریعے ادارے میں جدت، بہتر کارکردگی اور مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، توانائی کا بحران پاکستان کا ایک اہم مسئلہ ہے جسے توانائی کے شعبہ میں کفایت شعاری اور موثر اصلاحات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کاپاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز میں سیمینار سے خطاب

پیر 5 ستمبر 2016 23:10

اسلام آباد ۔ 05 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔5 ستمبر ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ادارہ جاتی ڈھانچہ کی تشکیل کے ذریعے ادارے میں جدت، بہتر کارکردگی اور مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے، توانائی کا بحران پاکستان کا ایک اہم مسئلہ ہے جسے توانائی کے شعبہ میں کفایت شعاری اور موثر اصلاحات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز میں منعقدہ نیٹ میٹرنگ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب انہوں نے 2013ء میں سپیکر کا عہدہ سنبھالا تھا اس وقت انہوں نے قومی اسمبلی میں کام کے روایتی ماحول کو بدلتے ہوئے جدید اور خودکار طریقہ کار رائج کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ادارے کے اخراجات میں زبردست کمی لائی گئی اور انرجی آڈٹ کروایا گیا جس کے نتیجے میں توانائی کے متبادل ذرائع کے حصول پر توجہ دی گئی۔

انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ انہوں نے چین کے سفیر سے اپنی پہلی ملاقات میں توانائی کی بچت اور کروڑوں روپے کے اخراجات میں کمی لانے کے لئے پارلیمان کے لئے متبادل توانائی کے ذرائع کے منصوبے کے آغاز میں چینی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس سلسلے میں گرین پارلیمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا جو اپنی نوعیت کا دنیا میں پہلا منصوبہ تھا جس کے ذریعے 1میگاواٹ توانائی کے حصول کو ممکن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ماحول دوست منصوبہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے جس کے ذریعے توانائی کے ضیاع کو روکا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے ناصرف پارلیمان کی توانائی کی ضرورت کو پورا کیا جا رہا ہے بلکہ نیشنل گرڈ میں بھی اضافی توانائی منتقل کی جا سکتی ہے جس کے لئے نیپرا سے ’نیٹ میٹرنگ‘ لائسنز حاصل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی نے بھی اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایسا منصوبہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ خطاب کے آخر میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں اپنی اگلی نسلوں کے لئے ایک محفوظ اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک دنیا چھوڑ کر جانا ہوگا کیونکہ گلوبل وارمنگ ہماری دنیا کے لئے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے گرانقدر خدمات کی وجہ سے گرین پارلیمنٹ منصوبہ کے پراجیکٹ ہیڈ شاہد شوکت کا نام پرائڈ آف پرفارمنس کے لئے تجویز کریں گے۔