قومی اسمبلی نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر قراردیدیا،دفاع پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش

6ستمبر کوپاکستان کے شاہینوں نے اپنے ازلی دشمن کے دانت کھٹے کیے ، پاک سرزمین پر دشمن کے ناپاک قدم جمانے کے عزائم خاک میں ملاکر رکھ دیئے،پوری قوم پرعزم ہے کہ اگر دشمن نے پاک وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو اسے ماضی سے بڑھ کر سبق سکھایا جائے گا،ملکی سرحدوں کی حفاظت اور اندرون ملک دہشتگردی خاتمے کیلئے پاک افواج کے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں تاریخ کے سنہری باب ہیں قومی اسمبلی میں شیخ آفتاب، فہمیدہ مرزا،کیپٹن(ر)صفدر، سراج محمد خان،جمشید دستی اور دیگر کا یوم دفاع پاکستان پر اظہار خیال

منگل 6 ستمبر 2016 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 ستمبر ۔2016ء) قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر قراردیتے ہوئے دفاع پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے،ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ 6ستمبر کوپاکستان کے شاہینوں نے اپنے ازلی دشمن کے دانت کھٹے کیے اور اس کے پاک سرزمین پر بھارت کے ناپاک قدم جمانے کے عزائم خاک میں ملاکر رکھ دیئے،6ستمبر کو پوری قوم ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ اگر دشمن نے پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو اسے ماضی سے بڑھ کر سبق سیکھایا جائے گا،ملکی سرحدوں کی حفاظت اور اندرون ملک دہشتگردی خاتمے کیلئے پاک افواج کے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں تاریخ کے سنہری باب ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب،سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا،کیپٹن(ر)صفدر سراج محمد خان،جمشید دستی،پیر بخش اور دیگر نے 6ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ایک تاریخ ساز دن ہے،اس روز پاکستانی افواج اور قوم نے یکجا ہوکر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے تھے جس نے قوم کو تقسیم اور کمزور سمجھ کر ہماری سرحدوں کے اندر کرنے کی ناپاک جسارت کی تھی،بھارت نے قیام پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کیا تھا اس لئے وہ موقع کی تلاش میں تھا کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا سکے،ہماری افواج نے تمام جنگوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا،ملکی سرحدوں کے باہر اور سرحدوں کے اندر ہر قسم کے خطرات کامقابلہ کیا۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے ذریعے اندرون ملک دہشتگردوں کے صفایا کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے،6ستمبر کو ہم اپنے شہیدوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا ملک سے بے روزگاری،غربت جہالت اور دہشتگردی کا صفایا کرکے دم لیں گے اور شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

سابق سپیکر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ حکومت نے 6ستمبر کو اس دن کی اہمیت کے شایان شان نہیں منایا،ضرب عضب میں معروف افواج کو پارلیمنٹ سے آج ایک مضبوط پیغام جانا چاہیے تھا کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہیں،سپیکر کے کل کے فیصلے پر بات ہوئی،سپیکر کو حلف اٹھانے کے بعد غیرجانبدار فیصلے کرنے چاہئیں،میں نے ایوان غیر جانبداری سے چلایا اور اپنی حکومت کو ناراض بھی کیا،میں پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کیلئے اپنی پارٹی کے ارکان کی ناراضی بھی مول لی،اگر پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو اپوزیشن کو بولنے کا موقع دیں،اگر اپوزیشن کوبولنے کا موقع نہیں ملے گا تو اس ادارے کی اہمیت کم ہوگی،میں سپیکر کے طور پر مکمل غیر جانبدار رہی،اسپیکر ایازصادق کی جانب سے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے پر رولنگ میں دیئے گئے شواہد دیکھے بغیر تبصرہ نہیں کرسکتی۔

کیپٹن(ر)صفدر نے کہا کہ میں نے سپیکر سے گذارش کی تھی کہ آج معمول کا بزنس معطل کرکے 6 ستمبر کے شہداء پر بات کی جائے،قائداعظم نے 1947میں قائداعظم نے سری نگر ایئرپورٹ پر فوج اتارنے کا حکم دیا اگر وہ حکم مان لیا جاتا ت آج مقبوضہ کشمیر آزاد ہوتا اور لاکھوں شہداء کے مزار نہ ہوتے ہم قائد سے شرمندہ ہیں۔بھارت نے پاکستان کو آج تک تسلیم نہیں کیا،معاشی طور پر تباہ کرنے کیلئے ہمارے پانیوں پر قبضہ کرلیا،پاکستان دولخت ہوا،محمودالرحمان کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا،سیاچن گلشیئرکے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،ہم کسی مولوی کو مسلک کی بنیاد پر سیاست نہیں کرنے دیں گے،ایجنسیاں کہاں ہیں کیوں نہیں پوچھتی کہ ایک سائیکل پر جھنگ سے آنے والا مولوی کس طرح کینیڈا پہنچا اور آج ارب پتی بن گیا۔

سراج محمد خان نے کہا کہ پوری قوم شہداء6 ستمبر کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔جمشید دستی نے کہا کہ آج 6ستمبر کو وزیراعظم اور وزراء کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے تھا،حکمران پارٹی کے ارکان بھی کم تعداد میں ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی پھانسیوں پر بنگلہ دیش کی مزمت کرنی چاہیے اور اسلام آباد میں بنگلہ دیش سفارتخانہ بند کیا جانا چاہیے۔پیر بخش نے کہا کہ 65کی پاک بھارت جنگ میں حروں نے بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کردار ادا کیا پیرپگارہ اور ان کے جاں نثاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جانا چاہیے۔خواجہ سہیل صفور نے کہا کہ پاک فوج کے ہاتھ کو مضبوط کرنا چاہیے۔