وزیر اعلیٰ سندھ کی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ خورشید احمد شاہ کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت

ارکان قومی اسمبلی کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ، سندھ میں نوجوان وزیر اعلی کی قیادت میں تعلیم اور صحت کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل ہوگی ، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی بات چیت

بدھ 7 ستمبر 2016 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ارکان منظور وسان، جام مہتاب اور ڈاکٹر سکندر میندرو کے ہمراہ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی طرف سے اسلام اباد میں ان کی رہائش گا پر دئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ عشائیے میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

عشائیے سے پہلے ارکان اسمبلی نے قائد حزب اختلاف کی موجودگی میں اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل سے وزیر اعلی سندھ کو اگاہ کیا۔ وزیر اعلی سندھ نے ان کے مسائل کو توجہ سے سنا۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی عوام کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس لئے ان کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو مزید سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ میں نوجوان وزیر اعلی کی قیادت میں تعلیم اور صحت کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل ہوگی اور غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر یقین دلایا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے عشائیے میں شرکت پر وزیر اعلی سندھ، صوبائی وزرا اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔