سی پیک کے تحت پنجاب میں مثالی سپیڈ کے ساتھ کام ہو رہا ہے،چینی قونصل جنرل یوبورن

ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اگلے سال کے وسط میں مکمل ہو جائے گا‘ امید ہے میٹروٹرین بھی مقررہ مدت میں بنے گی چینی قونصل جنرل یوبورن کاایوان وزیراعلیٰ میں طلبہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

جمعہ 9 ستمبر 2016 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 ستمبر ۔2016ء) چین کے قونصل جنرل یوبورن نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت پنجاب میں مثالی سپیڈ کے ساتھ منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ جمعہ کو ایوان وزیراعلیٰ میں چیف منسٹر چائنیز لینگویج سکالرشپ پروگرام‘ شہبازشریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور دیگر ہونہار طلبا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف جو کہتے ہیں وہ کر دکھاتے ہیں۔

وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا نام پاک چین دوستی کو عروج تک پہنچانے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چین کی قیادت اور عوام میں بھی شہبازشریف پاکستان کے عوام کی طرح بہت مقبول اور ہردلعزیز ہیں۔ شہبازشریف دراصل مین آف ایکشن ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے ویژن قابل ستائش ہے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں 300میگاواٹ کا سولر منصوبہ برق رفتاری سے مکمل کیا گیا۔

اسی طرح ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ پر 65فیصد سول ورکس مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ 2017ء کے وسط میں مکمل ہو جائے گا۔ یوبورن نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی مجھے امید ہے کہ مقررہ مدت میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ ویژنری لیڈر ہیں۔ ان کے کام کرنے کی رفتار غیر معمولی ہے۔ یہ نہ صرف خود کام کرتے ہیں بلکہ دوسروں کے لئے بھی رول ماڈل ہیں۔

متعلقہ عنوان :