پشاور، انسداد پولیو پروگرام سے وابستہ ڈاکٹر قتل

کالعدم تحریک طالبان کے گروپ کے جماعت الاحرار نے ڈاکٹر ذکا اللہ خان پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

اتوار 11 ستمبر 2016 23:13

پشاور، انسداد پولیو پروگرام سے وابستہ ڈاکٹر قتل

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11ستمبر۔2016ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کی پولیس کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم سے وابستہ ایک سینیئر ڈاکٹر ذکا اللہ خان کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ اتوار کو ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی کہ سنیچر کی شب ڈاکٹر ذکا اللہ خان کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ڈاکٹر ذکا اللہ خان کو ان کے گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان میں انسدادِ پولیو ٹیم کے اہلکاروں اور ان کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود حفاظتی عملے پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔ 2012 سے لے کر اب تک پولیو کے خلاف چلائی جانے والی ملک گیر مہم میں 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے گروپ کے جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈاکٹر ذکا اللہ خان پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔رواں برس اپریل میں کراچی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور سات پولیس اہلکاروں کو کراچی میں نشانہ بنایا گیا تھا۔