آفتاب شیرپاؤ کا سوات میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہارافسوس

پیر 12 ستمبر 2016 16:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 ستمبر۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے مدین ،کالام اور سوات کے مختلف علاقوں میں شدیدسیلاب کی بدولت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کی تباہی پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے بارشوں اور سیلاب کی بدولت ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے مکانات،فصلیں اور باغات تباہ ہوئے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں جس پر دلی دکھ ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل دادرسی کی جائے اور ان کی فوری بحالی اور امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔آفتاب شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس آزمائش کی گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔انھوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔دریں اثنا آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پولیو ورکر ڈاکٹر رضا کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیو ورکروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کا مطالبہ کیا انھوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا اور مقتول کی مغفرت کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :