شکار پور کی عیدگاہ میں خودکش حملہ، 13 افراد زخمی

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 13 ستمبر 2016 12:56

شکار پور کی عیدگاہ میں خودکش حملہ، 13 افراد زخمی

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر۔2016ء)صوبہ سندھ کے علاقے شکارپور میں نماز عید کے دوران دو الگ خود کش حملوں میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 13 افراد زخمی جبکہ دو حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شکار پور کی تحصیل خانپور میں چار خود کش بمباروں نے نماز عید کے دوران حملے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

شکار پور میں عیدگاہ کے دوران دو خود کش حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئےجبکہ دوسرا خود کش بمبار دھماکے کے نتیجے میں مچنے والی افرا تفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے شکار پور کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شکار پور میں ہی پولیس نے امام بارگاہ پر حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے امام بارگاہ میں داخل ہونے والے دو مشکوک افراد کو روکنے پر انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ آئی جی سندھ اللہ دینو خواجہ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔