ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 15 ستمبر 2016 22:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے، آج ملک کو جن اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام ہے۔ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں اپنے بزرگوں اور عظیم رہنماؤں کی قربانیوں اور ان کے مقاصد کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے آزادی اور جمہوریت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے انتھک محنت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے جمہوریت کے تحفظ اور اس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بے پناہ جدوجہد کی جس کے نتیجہ میں ملک میں جمہوری عمل بحال اور فعال ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، اسی میں ہماری شناخت اور بقاء ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک منتخب جمہوری حکومت ہی سماجی و معاشی ترقی کی ضمانت فراہم کرتی ہے، ہم خوش نصیب ہیں کہ آج پاکستان میں ایک جمہوری حکومت قائم ہے جو عوام کی منتخب کردہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں بلدیاتی ادارے بھی پنپ رہے ہیں، جو پاکستان میں مضبوط جمہوری نظام کا آئینہ دار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے حامل ممالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ماضی کے مقابلے میں آج اس حوالے سے پاکستان کو ایک جمہوری ملک کی حیثیت سے عالمی برادری میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے اہم عناصر میں قانون کی حکمرانی، آئینی حدود کا تعین ، اختلاف رائے، احتساب اور روادری شامل ہیں۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ ملک کی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام سیاسی جماعتیں ناصرف جمہوریت کے ان عناصر پر یقین رکھتیں ہیں بلکہ وہ جمہوریت کودر پیش کسی بھی قسم کے خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے آزادی ، اخوت اور مساوات کا عظیم تصور ابھی تک نامکمل ہے، پوری قوم کو یکساں طور پر اس حوالے سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارا ملک آج جن گوں ناگوں مسائل کا شکار ہے اس کا حل جمہوریت اور باہمی یکجہتی سے وابستہ ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ملک نے گذشتہ چند برسوں میں مختلف شعبوں میں ترقی کی اہم منازل طے کی ہیں لیکن ہمیں بے روزگاری، پسماندگی اور ناخواندگی کے چیلنجز بھی درپیش ہیں جن سے نمٹنے اور موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے صحیح راستوں کا تعین ضروری ہے، جس میں جمہوریت سرفہرست ہے۔

متعلقہ عنوان :