ملتان ٹرین حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ہر مسافر کے ورثاء کو 8 لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 3 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 15 ستمبر 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15ستمبر ۔2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملتان ٹرین حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔ جاں بحق ہونے والے ہر مسافر کے ورثاء کو 8 لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 3 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کا ہر مسافر انشورنس شدہ ہوتا ہے، جسے حادثے کی صورت میں مناسب معاوضہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث حادثہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سگنلز کی تنصیب کے بعد یہ کہنا کہ حادثہ کسی خراب سگنل کی وجہ سے ہوا، شکوک سے بالاتر ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ملتان میں ہونیوالے ٹرین حادثے کی تحقیقات 72 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے علاوہ ازیں انہوں نے کہا ہے کہ مین لائن پر گاڑیوں کی آمدورفت جلد بحال کر دی جائے گی اور صحت یابی کے بعد زخمیوں کو ان کی منزل پر پہنچایا جائے گا۔