عید کے پہلے روزکوئٹہمیں پولیس موبائل کے قریب زور دار بم دھماکہ، 2 اہلکار شہید ، 8 افراد زخمی

جمعرات 15 ستمبر 2016 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15ستمبر ۔2016ء ) عیدالضحیٰ کے پہلے روزکوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر پولیس موبائل کے قریب زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپرطبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سریاب روڈ پر واقع سریاب مل کے قریب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اْس کے قریب زور دار دھماکہ ہوا دھماکے میں 2 اہلکار کانسٹیبل اسلم اورکانسٹیبل رسول شہید جبکہ کانسٹیبل عبدالغفور ،کانسٹیبل صحبت خان ،عبدالعزیز،کانسٹیبل آدم خان ،کانسٹیبل عبدالرشید،کانسٹیبل اختر،دھنی بخش ،کانسٹیبل امان گل ،محمد زخمی ہوگئے ۔

زخمیوں کوفوری طورپرہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سریاب روڈ کو ہرقسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ریسکیو کا عملہ بھی جائے وقوعہ پہنچ چکا ہے جبکہ بم ڈسپوزبل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ شواہد اکھٹے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ پولیس حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ہی تفصیلی آگاہ کیا جائے گا“۔