مشیر صحت کا خناق کے مشتبہ کیس رپورٹ ہونے پر ضلع قصور کے دیہات کا دورہ

خواجہ سلمان رفیق نے کوٹھا کلاں‘ موضع کل اور موکل کے بنیادی مراکز صحت کا بھی دورہ کیا 8یونین کونسلوں میں 32 ہزار سے زائد بچوں کو پینٹا ویکسین لگائی جا رہی ہے 15بچوں کے نمونہ جات این آئی ایچ بھجوائے گئے‘ 6 کی رپورٹ نیگٹو آئی ‘ باقی کا انتظار ہے

ہفتہ 17 ستمبر 2016 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ضلع قصور کے نواحی دیہات سے خناق کے مشتبہ کیس رپورٹ ہونے پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختارحسین سید‘ ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محمدمنیر‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر شکیل‘ ای ڈی او ہیلتھ قصور ڈاکٹرمسعودطارق اور اسسٹنٹ کمشنر قصور اور چونیاں کے ہمراہ کوٹھا کلاں ‘ موضع کل‘ موکل اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے بیماری سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے بھی ملاقات کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرچونیاں سے اس بارے میں بازپرس کی اور بیمار بچوں کے بارے تفصیلات حاصل کیں۔ مشیرصحت نے بچوں کے والدین کی شکایات پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید کو ہدایت کی کہ خناق کے شبہ میں بچوں کے علاج کے تمام مراحل کا میڈیکل آڈٹ کرایا جائے۔

(جاری ہے)

ایک شخص محمد اسرائیل نے شکایت کی کہ وہ اپنی بچی کو تشویشناک حالت میں چلڈرن ہسپتال لے کر گیا لیکن ڈاکٹر نے مناسب علاج نہ کیا جس کی وجہ سے اس کی نو سالہ بیٹی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں مکمل چھان بین کر کے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔ ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محمدمنیر نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی تھیں اور خناق کے مشتبہ مریضوں کے علاج اور مرض کی روک تھام کے لئے مہم شروع کر دی گئی ہے۔

علاقے کے 202بچوں کو اے ڈی ایس ویکسین لگا دی گئی ہے جبکہ 8یونین کونسلوں میں 32ہزار سے زائد بچوں کو خناق‘ تشنج‘ کالی کھانسی‘ گردن توڑ بخار اورہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کی ویکسین پیٹنا(PANTA) لگانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے جس کے لئے 34ہزار خوراکیں فراہم کی گئی ہیں اور یہ کام آئندہ تین چار دن کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 15بچوں کے نمونہ جات خناق کے شبہ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کو بھجوائے گئے تھے جن میں سے 6 کی رپورٹ منفی آ گئی ہے جبکہ دیگر کے نتائج کا انتظار ہے۔

بعد ازاں مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی سی او قصور عمارہ خان کے آفس میں ان سے ملاقات کی اور قصور کے دیہات میں خناق کے مشتبہ کیسز کے بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے صورتحال کو مسلسل مانیٹرکرنے اور بیماری کی مکمل روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔