سعودی عرب نے ایران پر پابندیوں کا مطالبہ کردیا-ایران پر یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کررہا ہے-سعودی سفیرکا سلامتی کونسل کو خط

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 ستمبر 2016 14:55

سعودی عرب نے ایران پر پابندیوں کا مطالبہ کردیا-ایران پر یمن میں حوثی ..

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 ستمبر۔2016ء) سعودی عرب نے ایران پر یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی سے مطالبہ کیا کہ وہ تہران پر پابندیاں عائد کرے۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے سلامتی کونسل کو ایک خط بھیجا جس میں موقف اپنایا گیا کہ حوثی باغیوں کو اسلحہ کی اسمگلنگ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور سعودی عرب، یمن ، خطے اور عالمی امن کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔

سعودی عرب نے حوثی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی کو تہران پر عائد اسلحہ کی فروخت پر پابندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد عالمی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرتا ہے اور اس نے مارچ 2015 میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس عرب اتحاد کو امریکا کی بھی حمایت حاصل ہے اور اس میں 9 عرب ممالک شامل ہیں اور انہوں نے فضائی کارروائیوں کے ذریعے حوثی باغیوں کو جنوبی یمن سے دور ہونے پر مجبور کردیا تاہم باغیوں کا اب بھی دارالحکومت صنعاءپر قبضہ برقرار ہے جو انہوں نے 2014 میں حاصل کیا تھا۔

عالمی سطح پر یمن کے صدر تسلیم کیے جانے والے منصور ہادی کی حامی ملیشیا اور فورسز نے عدن کو اپنا عارضی بیس بنایا ہوا ہے اور انہیں حوثی باغیوں اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2015 سے اب تک 6 ہزار 600 کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے جبکہ 80 فیصد آبادی کو امداد کی فوری ضرورت ہے۔