متحدہ کی اپنے بانی کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد

ایم کیوایم قائد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، قرارداد میں مطالبہ

بدھ 21 ستمبر 2016 15:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء ) سندھ اسمبلی میں ملک کے خلاف اشتعال انگیز تقریر، نعرے بازی اور میڈیا ہاوٴسز پر حملے پر ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ فنکشنل اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قراردادیں پیش کی گئیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سید سردار احمد نے اشتعال انگیز تقریر کے خلاف قرارداد پیش کی ، قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی ،پاکستان مخالف نعروں، ہر قسم کے جرائم اورتشدد کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان مخالف نعرے لگانیوالوں کوآئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سخت سزا دی جائے۔

اس سے قبل اسپیکر آغا سراج درانی کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تاہم اجلاس کے ابتدا میں کئی برسوں کی روایات کے برعکس ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے اپنی جماعت کے بانی کی درازی عمر کے لیے دعا نہیں کرائی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے باقاعدہ آغاز پر اسپیکر نے نومنتخب اراکین اسمبلی اورنگزیب پنہور اور مرتضیٰ بلوچ سے حلف لیا۔ اجلاس کے دوران مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کو امن کا عالمی دن ہے، ہم بھارت کے عزائم اور حملے کیارادے کی مذمت کرتے ہیں، اللہ بھارت کے ناپاک عزائم کو نیست و نابود فرمائے۔

کارروائی کے دوران پاکستان کے غداروں کیخلاف ایوان کی گیسٹ گیلری سے نعریبازی کی گئی تاہم اسپیکر نے مہمانوں کو نعرے بازی سے روک دیا۔ فنکشنل لیگ کے نند کمار نے شکار پور کی زینب کے ساتھ زیادتی سے متعلق تحریک التوا پیش کی، جس کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ زیادتی میں ملوث ملزمان کوگرفتارکیاگیاہے اور اب یہ مقدمہ قانون کے مطابق عدالت میں زیر سماعت ہے۔ اس دوران اسپیکر آغاسراج درانی نے روٴف صدیقی سے خیریت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا وزن بہت بڑھ گیاہے۔ اللہ کسی کو جیل نہ بھیجے،آپ کو جیل کا بھی تجربہ ہوگیا۔ اسپیکر نے روٴف صدیقی سے شعر کی فرمائش کی جس پر روٴف صدیقی نے اپنی اسیری پر شعر کہا۔