Live Updates

پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو

امن امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو اسے حل کرنے کیلئے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہیں خطاب

بدھ 21 ستمبر 2016 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اگر امن امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو اسے حل کرنے کیلئے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہیں، ایسا ماحول نہ پیدا کیا جائے جس سے خانہ جنگی کی صورتحال جنم لے۔

وہ مقامی کلب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی28ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کر رہے تھے۔مولا بخش چانڈیو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے متوالے سر پر کفن باندھ کر ٹی وی پر آ کر کیا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے ن لیگ کو مشورہ دیا کہ اس قسم کے رویے انہیں زیب نہیں دیتے انہیں چاہیے کہ وہ مفاہمت کی فضاء قائم کریں، انہوں نے کہا کہ اگر ٹکراوٴ کی صورتحال پیدا ہوئی تو نقصان ن لیگ کا ہوگا کسی اور کا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ میں اگر امن امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا بھی تو اس سے نمٹنے کے لئے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہیں یہ کام کسی سیاسی جماعت کے کارکنوں کی بنائی گئی ذاتی فورس کا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں وزیراعظم کے گھر کی طرف بڑھنا صحیح عمل نہیں ہے، پی ٹی آئی کے کئی رہنماوٴں کا بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم کے گھر کے سامنے احتجاج کرنا اچھا عمل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زردای مظلوم اور غریب عوام کے قائد ہیں، امید ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کئی سال عوام کی قیادت کرینگے تنظیم سازی کے فیصلے کرینگے اور کسی بھی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنائیں گے، اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی طرف سے تقریب میں شرکت کرنے والے اسپیشل لوگوں میں کپڑے بھی تقسیم کیے گئے، بلاول بھٹو زرداری کی لمبی عمر اورصحتیابی کیلئے10بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا، تقریب میں علی احمد سہتو ، فیاض شاہ ، ڈاکٹر عرفان گل مگسی اور صغٰیر قریشی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء مولا بخش چانڈیو نے سول ہسپتال کے بچوں کے وارڈ ، سینٹرل جیل کے قیدیوں اور دارالامان میں موجود عورتوں میں مٹھائیاں، کپڑے اور تحائف تقسیم کیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات